پشاور میں تھانہ انقلاب پر دہشت گردوں کی فائرنگ، تھانے کے شیشے ٹوٹ گئے
اشاعت کی تاریخ: 5th, April 2025 GMT
پشاور:
پشاور کے علاقے میں واقع تھانہ انقلاب پر رات گئے دہشت گردوں نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا، تاہم خوش قسمتی سے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے پر اندھا دھند فائرنگ کی اور ایک دستی بم بھی پھینکا جس سے تھانے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا اور شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے فوری طور پر جوابی فائرنگ کی جس کے باعث حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ تھانے کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
روس کا یوکرینی صدر کے آبائی علاقے پر میزائل حملہ، 19 افراد ہلاک 50 سے زائد زخمی
4 اپریل 2025 کو، یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں روسی میزائل حملے کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ حملہ رہائشی علاقوں پر ہوا جس سے آگ لگ گئی اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔ بعد ازاں، ڈرون حملے میں مزید ایک شخص ہلاک ہوا۔ یوکرینی حکام نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے روس کی جارحیت کا تسلسل قرار دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ایک ریستوران میں یوکرینی کمانڈروں اور مغربی انسٹرکٹرز کی میٹنگ کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا جس میں مبینہ طور پر 85 فوجی اہلکار اور افسران ہلاک اور 20 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ یوکرینی فوج نے ان دعوؤں کو غلط معلومات قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ریسکیو کارکنان رات بھر امدادی کاموں میں مصروف رہے جبکہ صدر وولودیمیر زیلنسکی نے مغربی طاقتوں سے ماسکو پر مزید دباؤ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ اگرچہ حال ہی میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے کے لیے جنگ بندی کے معاہدے کیے گئے تھے لیکن دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر ان معاہدوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
فروری 2022 میں روس کی مکمل پیمانے پر حملے کے بعد سے ہزاروں شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور زیلنسکی کے آبائی شہر میں یہ واقعہ 2025 کے مہلک ترین حملوں میں سے ایک بن گیا ہے۔