گلگت بلتستان کو قائد عوام کے وژن کے مطابق ترقی یافتہ بنائیں گے، ثوبیہ مقدم
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اپنے عظیم قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک اور آئین کی بقاء کیلئے اپنی جدوجہد کو ہمیشہ جاری و ساری رکھے گی۔ اسلام ٹائمز۔ سابق صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی رہنما ثوبیہ مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان کیلئے خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں۔ ہم ایک ایسے شخص کو کیسے یاد کریں، کیسے خراج عقیدت پیش کریں جس نے پاکستان میں غریب کو جینا سکھایا، مزدور کے حقوق کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں اپنا حق لینے کا احساس دلایا۔ میرے الفاظ حق ادا کر نہیں سکتے، جذبات زبان پر منتقل ہو نہیں سکتے۔ شہید بھٹو اپنے اقدامات کے حوالے سے بہت بڑا تھا، شہادت کا رتبہ پا کر تو اور بھی بہت بڑا ہو گیا۔ گلگت میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثوبیہ مقدم نے کہا کہ قائد عوام نے ہمیں غلامی کی زنجیریں توڑ ڈالنے اور عزت سے سر اٹھا کر جینے کا درس دیا، وقت کے یزید کے ہاتھوں جرات اور دلیری سے پھانسی کا پھندا چوم کر امر ہو گیا۔ وہ پاکستان کا فخر تھا، اعزاز تھا۔ دنیا اس میں پاکستان کا چہرہ دیکھتی تھی۔ انہوں نے نہ صرف اپنے ہم عصروں کو متاثر کیا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی جدوجہد کی مثال ہیں۔ آج بھی پاکستان کے شہروں، دیہات اور گلی محلوں میں ’’زندہ ہے بھٹو زندہ ہے‘‘ کے نعرے گونجتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے قائد کا ایک ہی خواب تھا کہ ہر پاکستانی کو روٹی، کپڑا اور مکان مہیا کرنا، امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا، پاکستان کو خوشحال اور مضبوط مستقبل کی منزل کی طرف رواں دواں کرنا اور خود انحصاری کی منزل کی طرف گامزن کرنا ان کی زندگی کا مقصد تھا۔ آج کے دن ہم عہد و عزم کرتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اپنے عظیم قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک اور آئین کی بقاء کیلئے اپنی جدوجہد کو ہمیشہ جاری و ساری رکھے گی۔ گلگت بلتستان کو قائد عوام کے وژن کے مطابق ایک ترقی یافتہ، عوام دوست خطہ اور پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔ گلگت بلتستان کی معاشی ترقی، جمہوریت اور جمہوری اقدار کا فروغ اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ کی سرپرستی میں ہر ممکن اقدام کرے گی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ذوالفقار علی بھٹو گلگت بلتستان پیپلز پارٹی
پڑھیں:
بلتستان میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھائے، کاظم میثم
اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی نے کہا کہ ایجوکیشن فیلوز کو تمام علاقوں میں موجود اساتذہ کی کمی کو ملحوظ خاطر رکھ کر تعینات کیے جائیں، اساتذہ کی تعیناتی ضرورت کے پیش نظر نہ کی گئی تو معیاری تعلیم خواب بن کر رہ جائے گی۔ اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ ایجوکیشن فیلوز کو تمام علاقوں میں موجود اساتذہ کی کمی کو ملحوظ خاطر رکھ کر تعینات کیے جائیں، اساتذہ کی تعیناتی ضرورت کے پیش نظر نہ کی گئی تو معیاری تعلیم خواب بن کر رہ جائے گی۔ ایک بیان میں کاظم میثم کا کہنا تھا کہ سدپارہ سکول میں اساتذہ کی تقرری کے دوران بھی زیادتی کی گئی تھی، سدپارہ سکول کی اپگریڈیشن کر کے عوام کا مسئلہ فوری حل کیا جائے، معیاری تعلیم کے لیے ضروری ہے عدل و انصاف کے ساتھ انسانی وسائل کی تقسیم کو ممکن بنایا جائے۔ سدپارہ میں موجود اساتذہ کی کمی کو فوری پورا کیا جائے، حلقہ دو سمیت بلتستان کے تمام نواحی علاقوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکومت اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل میں موجود جی بی کے سات ہزار اساتذہ کے پی سی فور کی تخلیق کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت کردار ادا کرے، حلقہ دو سکردو میں چھبیس سکولز اب بھی نان اپروڈ ہیں لیکن حکومت کو کسی چیز کی فکر نہیں، گلگت بلتستان میں سینکڑوں سکولز ہیں جو نان اپروڈ ہیں، ان تمام سکولوں کے پی سی فور کی منظوری کے لیے وفاق تک کوششیں کیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے، اب بھی درجنوں سکولوں میں بچوں کو بیٹھنے کو کرسیاں نہیں ہیں اور حکومت لوکل چھٹیوں کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔