معمولی جھگڑے پر شہری کا قتل، مجرم کو پھانسی کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
راولپنڈی:
راولپنڈی کی عدالت نے جھگڑے کے دوران شہری کو قتل کرنے والے مجرم کو پھانسی کی سزا سنادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ صدر بیرونی قتل کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملک نور خان نے کیس کا فیصلہ سنایا، عدالت نے مجرم ساجد حسین کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مجرم کو اس وقت تک پھانسی پر لٹکائے رکھا جائے جب تک موت واقع نہ ہوجائے۔
یاد رہے کہ مجرم ساجد حسین نے معمولی جھگڑے پر محمد یونس کو 16 اگست 2023ء کو قتل کردیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی میں پولیس ٹیم کو علاقے کی خواتین نے محبوس کرلیا، ویڈیو سامنے آگئی
راولپنڈی:راولپنڈی کے تھانہ کلرسیداں کے علاقے میں پولیس ٹیم کو مسلح افراد کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ایمرجنسی ون فائیو پر قمر نامی شہری کی شکایت پر پولیس ٹیم نے ڈھوک گڑھالہ میں مسماتہ یاسمین عالم کے گھر پر چھان بین کے لیے پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس سب انسپکٹر ندیم نے موقع پر موجود ملزمان سے دریافت کیا تو وہ مشتعل ہوگئے اور علاقہ مکینوں کو جمع ہونے کی دعوت دی۔
ملزمان نے پولیس ٹیم پر حملہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان افراد میں حسن عباس اور سلیم نے پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پستول کے بٹ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ملزمان نے پولیس کے موبائل فون، نقدی اور وائرلیس سیٹ چھینے اور سرکاری گاڑی اور موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچایا۔ اس دوران پولیس ٹیم کو اٹھا کر سلیم کی بیٹھک میں محبوس کر لیا گیا جہاں ان کی وردیاں بھی پھاڑ دی گئیں۔
ویڈیو فوٹیج میں خواتین کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ "یہ ہماری پولیس ہے جو رات کو آ کر فائرنگ کرتی ہے اور خواتین و بچوں کو مارتے اور ڈراتے ہیں"۔
ایک خاتون وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کرتی ہوئی بھی نظر آئیں۔ ویڈیو میں سب انسپکٹر احمد کا جواب بھی سنا جا سکتا ہے کہ "یہ اچھی بات نہیں ہے"۔
پولیس ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی موقع پر پولیس کی جانب سے فائرنگ نہیں کی گئی۔ پولیس نے مزاحمت کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔