زیارات کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ایجنٹ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ چاک ہو گیا۔
ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل نے محمد عارف نامی ملزم کو گرفتار کر لیا، جو زیارات کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور کر فرار ہو گیا تھا۔
ملزم نے شہریوں کو عراق کی زیارات پر بھجوانے کے بہانے سے ہر فرد سے 45 لاکھ روپے وصول کیے، لیکن انہیں بیرون ملک نہ بھیج کر رقم ہڑپ کر لی۔ بعد ازاں ملزم خود ایران فرار ہو گیا جسے اسلام آباد ائرپورٹ پر واپسی پر گرفتار کرلیا گیا، جہاں اس کا نام پہلے ہی اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف سخت اقدامات کا حصہ ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سویڈن کے شینگن ویزا کیلیے کم از کم کتنا بینک اسٹیٹمنٹ درکار ؟
پاکستانی شہریوں کو سویڈن کے شینگن ویزا کیلیے درخواست دیتے وقت فنڈز کے ثبوت سمیت تمام تقاضے پورے کرنے ہوتے ہیں۔ سویڈن تاریخی، قدرتی اور ثقافتی پرکشش مقامات کے دلکش امتزاج کی وجہ سے یورپ میں ایک اہم سیاحتی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔
دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد اسے دریافت کرنے یا پُرسکون لمحات گزارنے کیلیے سویڈن کا دورہ کرتی ہے۔ کچھ ممالک کے شہریوں کو ویزا فری داخلے کی اجازت ہے لیکن زیادہ تر کو قلیل مدتی شینگن ویزا حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اسی طرح پاکستانی شہریوں کو بطور سیاح سویڈن جانے کیلیے شینگن کا مختصر مدت کا ویزا حاصل کرنا ضروری ہے، سویڈن کا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں اور یہاں قانونی طور پر مقیم افراد سے شینگن ویزا کیلیے درخواستیں وصول کرتا ہے۔
قواعد کے مطابق درخواست گزار کو درخواست کے ساتھ فنڈز کے ثبوت کے طور پر بینک اسٹیٹمنٹ جمع کروانا لازمی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہ سویڈن میں قیام کے دوران اخراجات برداشت کر سکتا ہے یا نہیں۔سویڈن کے شینگن ویزا کیلیے درخواست گزار کو درخواست کے ساتھ بینک کی طرف سے دستخط شدہ اور مہر لگا پچھلے چھ ماہ کا اسٹیٹمنٹ جمع کروانا ضروری ہے۔
یورپی ملک میں سیاح کیلیے روزانہ قیام کا خرچہ 80 یورو ہے لہٰذا درخواست دہندہ کو چاہیے کہ وہ اسٹیٹمنٹ میں اتنی رقم ظاہر کرے جو اس کے قیام کیلیے کافی ہو۔ درخواست گزار اگر 90 دن قیام کرتا ہے تو اس کو بینک اکاؤنٹ میں 7,200 یورو رکھنا ضروری ہے۔
یکم اپریل 2025 کو ایک یورو 303 پاکستانی روپے کے برابر ہے لہٰذا درخواست گزار کیلیے ویزا اپلائی کرتے وقت بینک اکاؤنٹ میں تقریباً 2.1 ملین روپے رکھنا لازمی ہے ورنہ درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔