ملک کو بھٹو ویژن کے مطابق خودمختار اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر مملکت
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے اور پاکستان کو اُن کے وژن کے مطابق ترقی یافتہ، خودمختار و عوام دوست ملک بنائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر پیغام میں کہا کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو ایک عظیم مدبر، جرات مند رہنما، اور عوام کے حقیقی نمائندہ تھے، جنہوں نے پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے راستے پر گامزن کیا اور قوم کو پہلا متفقہ آئین دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، ملک کی خارجہ پالیسی کو ایک آزاد اور خودمختار تشخص دیا جبکہ اُن کی قیادت میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسلم امہ کے اتحاد کی راہ ہموار کی، مزدوروں، کسانوں، اور پسے ہوئے طبقے کو حقوق دیے ، انہیں بااختیار بنایا، اُن کے اقدامات کی بدولت تعلیم، صنعت، اور دفاعی شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے، پاکستان کی خودمختاری، جمہوریت، اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے جبکہ بھٹو کے وژن کے مطابق ملک کو ترقی یافتہ، خود مختار اور عوام دوست ملک بنائیں گے‘۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: شہید ذوالفقار علی بھٹو صدر مملکت کے مطابق
پڑھیں:
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاری
پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی آج ملک بھر کی طرح گڑھی خدا بخش بھٹو میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاری ہے، جہاں پیپلزپارٹی کی جانب سے جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اہم خطاب کریں گے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ملک بھر سے قافلوں کی گڑھی خدا بخش بھٹو آمد کا سلسلہ جاری ہے، جلسے کا باضابطہ آغاز سہہ پہر 2 بجے ہوگا جس میں ملک بھر سے آئے شعرا اپنی شاعری کے ذریعے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ جس کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت کئی رہنما گڑھی خدا بخش پہنچ گئے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسے کے لیے بڑا اسٹیج بنایا گیا ہے، اسٹیج پر پارٹی پرچموں، رہنماؤں کی تصاویراور بینرز آویزاں کر دیے گئے۔ جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور بینرز سے سجاتے ہوئے بڑی اسکرینز نصب کی گئی ہیں، جلسہ گاہ میں ملک بھر سے آئے کارکنان کے لیے فرشی نشست کا بندوبستی کرتے ہوئے پنڈال تک داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں جہاں سے کارکنان کو جامعے تلاشی کے بعد مزار کے احاطے میں داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔ پنڈال میں محکمہ صحت سمیت مختلف محکموں کی جانب سے کیمپس قائم کیے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی انتہائی سخت کرتے ہوئے 32 ایس ایس پیز کی زیر نگرانی 7 ہزار سے زائد پولیس نفری کو نوڈیرو اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں تعینات کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو 1979 میں آج ہی کے دن راولپنڈی میں پھانسی دی گئی تھی، ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں سٹیل ملز اور قومی پیداواری ادارے بنے۔ سپریم کورٹ پچھلے سال مارچ میں یہ فیصلہ دے چکی کہ ذوالفقار علی بھٹو کا مقدمے میں ٹرائل منصفانہ نہیں تھا، صدارتی ریفرنس پر ذوالفقار علی بھٹو کو ملک کی سب سے بڑی عدالت نے بے گناہ قرار دے دیا اور رواں سال 23 مارچ کو انہیں نشان پاکستان عطا کیا گیا جو ان کی بیٹی صنم بھٹو نے وصول کیا تھا۔ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر آج سندھ بھر میں عام تعطیل ہے۔