عید پر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ریکارڈ توڑ سیاحوں کی آمد
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
سوات:
خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر عید کے تین روز میں ریکارڈ توڑ سیاح سیر و تفریح کیلیے پہنچے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر مقامی سیاحوں کا رش دیکھنے میں آیا۔
پاکستان کے مختلف علاقوں سے سیاح چھٹیوں پر سیر و تفریح اور آب و ہوا تبدیل کرنے کے غرض سے ٹھنڈے مقامات پر پہنچے۔
خیبرپختونخوا کی سیاحتی اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 3 روز میں 95 ہزار سیاحوں نے کے پی کے سیاحتی مقام کا رخ کیا۔
اتھارٹی کے مطابق 42 ہزار 111 سیاح ناران جبکہ 28 ہزار گلیات آئے۔ اس کے علاوہ سوات اور دیگر علاقوں میں تقریباً 25 ہزار سیاح پہنچے اور موسم و قدرتی نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
عید الفطر پر بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات بھرپور انداز سے کیے گئے تھے جبکہ ٹوررازم پولیس بھی متحرک تھی جبکہ حکام بھی علاقوں کا دورہ کرتے رہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مری جانے کے خواہشمند سیاحوں کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سےاہم ہدایات جاری
مری جانے کے خواہش مند سیاحوں کیلئے ٹریفک پولیس نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مری میں مزید سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عید الفطر کے دوران ٹریفک پولیس کے 200 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی مری میں تمام ترٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو مری میں داخلہ کی اجازت نہیں ہے۔
سی ٹی او مری نے کہا کہ دو طرفہ ٹریفک اور تنگ سڑک ہونے کے باوجود مری کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے، تمام شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاح اپنے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بنانے کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں، مری میں آنے والے سیاح پارکنگ صرف ٹریفک پولیس کی مختص جگہوں پرہی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاح ڈبل لائن بنانے و غلط پارکنگ سے گریز کریں، مری نو پارکنگ کے خاتمے کے لئے آفیسر مسلسل پٹرولنگ کر رہے ہیں۔