کراچی:کورنگی کریک میں بورنگ کے دوران گڑھے میں لگی آگ 6 روز بعد بھی بجھ نہ سکی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
کورنگی کریک میں گڑھے میں لگی آگ 6 روز بعد بھی نہ بجھائی جاسکی۔کراچی کے علاقے کورنگی کریک کے ایک پلاٹ میں لگنے والی آگ بدستور 6 روز بعد بھی لگی ہوئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے پلاٹ کو بند کردیا گیا ہے جب کہ کے ایم سی اورکنٹونمنٹ بورڈ کے فائرٹینڈرزموقع پرموجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ کی شدت کے باعث مشکلات کا سامناتھا اس لیے تپش کے باعث آگ بجھانے کا عمل ہفتے کو ہی روک دیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ آگ 1200 فٹ بورنگ کی کھدائی کے بعد لگی تھی، واقعے کی جگہ سے ریت اور پانی کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں، کیمیائی تجزیے کے بعد گیس کی نوعیت اور حجم کا معلوم ہوسکے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اگر گیس کا ذخیرہ چھوٹا ہوا تو آگ چند دن میں خود بخود بجھ جائے گی لیکن اگر ذخیرہ بڑا ہوا تو اسے محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی: کورنگی میں چار روز سے زیرزمین بھڑکتی آگ کو نہ بجھایا جا سکا، وجوہات تاحال نامعلوم
کراچی کے علاقے کورنگی میں زیر زمین گیس کے اخراج سے لگنے والی آگ کا معمہ کئی روز بعد بھی حل نہ ہوسکا، وجوہات کا بھی تعین نہ ہوسکا۔ چار روز قبل لگنے والی پراسرار آگ کی شدت کم نہ ہوسکی، آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سیکیوریٹی انتظامات بھی کڑے کردیے گئے۔
عید کی تعطیلات میں من چلے نوجوانوں نے آگ کو تفریح کا ذریعہ بنالیا بڑی تعداد میں نوجوان آگ کے مقام کا رخ کرنے لگے جس پر انتظامیہ حرکت میں آگئی اور سیکیورٹی سخت کرکے آگ کے مقام تک جانے والا راستہ عوام کے لیے بند کردیا گیا۔
دن کے وقت آگ محدود دکھائی دیتی ہے تاہم شام ڈھلتے ہیں آگ کی لپٹیں تیز ہوجاتی ہیں آگ کے ساتھ سیاہی مائل پانی بھی زمین سے باہر ابل رہا ہے اور اردگرد کی اراضی پر پھیل رہا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ حکام کے مطابق آگ بدستور لگی ہوئی ہے آگ کی شدت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی، تیل،گیس اور پٹرول کے فائر ایکسپرٹ نے بھی دورہ کیا اس بارے میں سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ملٹری لینڈز کینٹونمنٹ کراچی ریجن کے سینئر ٹیکنیکل اسٹاف سے بریفنگ بھی لی جارہی ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آگ کے مقام پر کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ملٹری لینڈز کینٹونمنٹ کراچی ریجن کے تمام اسٹاف موجود ہیں،کینٹونمنٹ بورڈ کراچی ریجن کے فائر ٹینڈر بھی موقع پر موجود ہیں۔
وقفے وقفے سے کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا دورہ بھی کررہی ہیں آگ سے متاثرہ مقام کو اطراف سے مکمل کارڈن کیا ہوا ہے سوئی گیس حکام اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کی ٹیمیں بھی سروے کررہی ہیں۔