حماد اظہر نے پی ٹی آئی کے تمام عہدے چھوڑدیئے۔
اشاعت کی تاریخ: 3rd, April 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سیکریٹری جنرل اور قائم مقام صدر حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ حماد اظہر نے اعلان کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے تمام عہدے چھوڑ رہے ہیں اور آئندہ بطور کارکن اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سینیٹر اعظم سواتی نے بتایا کہ عالیہ حمزہ کو کام کرنے میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے پوچھنے پر اعظم سواتی نے ان کا نام لیا۔حماد اظہر کے مطابق جب انہوں نے عالیہ حمزہ سے استفسار کیا تو انہوں نے کسی بھی رکاوٹ پر حیرت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا آسان حل موجود ہے، کیونکہ ان کے اختیارات پہلے ہی چار ریجنل صدور کو جون 2024 میں منتقل کیے جا چکے تھے۔ یہاں تک کہ ان کے اپنے حلقے کی تنظیم بھی ان کی مشاورت یا مرضی کے بغیر بنائی گئی۔ حماد اظہر نے بتایا کہ وہ پہلے بھی دو بار استعفیٰ دے چکے تھے، لیکن اسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ تاہم، اب وہ تیسری اور حتمی بار عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور یہ استعفیٰ ناقابل واپسی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ وہ کسی بھی پارٹی عہدے کے خواہشمند نہیں ہیں لیکن بطور کارکن اپنے قائد کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو اہم عالمی عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا
چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی کو انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین نامزد کر دیا گیا۔
یہ عالمی فورم سیئول (جنوبی کوریا) میں قائم ہے دنیا بھر میں پارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے، پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے اور اہم عالمی چیلنجز جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، اور پانی کی قلت پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے وقف ہے۔
یہ اہم فیصلہ چیئرمین سینیٹ کے حالیہ کامیاب دورۂ کوالالمپور، ملائشیا کے دوران کیا گیا۔
ورلڈ سمٹ 2025 کے دوران، جو یونیورسل پیس فیڈریشن (UPF) کے زیرِ اہتمام سیئول میں منعقد ہوگی۔
اس سربراہی اجلاس میں 150 ممالک کے 500 مندوبین اور 45 پارلیمانی اسپیکرز شرکت کریں گے۔
چیئرمین یوسف رضا گیلانی کو ان کی وژنری قیادت کے اعتراف میں ایک خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔