چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی انٹراسپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین نامزد
اشاعت کی تاریخ: 2nd, April 2025 GMT
لاہور: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس(آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین نامزد کر دیا گیا ۔
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں قائم عالمی فورم دنیا بھر میں پارلیمانی مکالمے کو فروغ دینے، پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے اور اہم عالمی چیلنجز جیسے کہ موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، اور پانی کی قلت پر بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے وقف ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو اس اہم فورم کا بانی چیئرمین حالیہ کامیاب دورہ کوالالمپور کے دوران نامزد کیا گیا، جہاں انہوں نےآئی ایس سی کے آئندہ اجلاس سے متعلق خصوصی بریفنگ میں شرکت کی۔
یونیورسل پیس فیڈریشن(یو پی ایف) کے زیر اہتمام سیئول میں منعقد بین الاقوامی سربراہی اجلاس 2025 کے دوران ہوگی جہاں اس نامزدگی کی باقاعدہ تقریب ہوگی اور اجلاس میں 150 ممالک کے 500 مندوبین اور 45 پارلیمانی اسپیکرز شرکت کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی کو ایک خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا جس میں ان کے پارلیمانی سفارت کاری کے کردار اور عالمی امن و ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا گیا، ان کی یہ نامزدگی نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی پارلیمانی ساکھ کو تقویت دیتی ہے بلکہ خطے میں پارلیمانی تعاون اور مکالمے کو بھی فروغ دیتی ہے۔
بریفنگ سیشن کے دوران اپنے خطاب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایس سی محض ایک کانفرنس نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی وژن ہے جو باہمی انحصار، مشترکہ خوش حالی اور عالمی اقدار پر مبنی ہے۔
انہوں نے تین ترجیحی شعبوں موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی اور پانی کی قلت پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا۔
عالمی پارلیمانی قیادت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مشترکہ نظریات کو پالیسی اقدامات میں تبدیل کریں تاکہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس سی عالمی سطح پر پارلیمانی اشتراک، پالیسی سازی اور سفارتی شراکت داری کے ایک مؤثر فورم کے طور پر کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ اسپیکر ملائشیا معالی تن سری داتو’ ڈاکٹر جوہری بن عبدل، آئی ایس سی کے شریک چیئرمین آن چنگ وو لی، چیئرمین یو پی ایف انٹرنیشنل ڈاکٹر چارلس ایس یانگ، رکن پارلیمان نیپال ایک ناتھ دھکل، سینیٹر ملائشیا ڈاکٹر محمد متا مد رملی، سیکریٹری جنرل ایشین واٹر کونسل ڈاکٹر چو یونگ ڈاک اور معروف پاکستانی کاروباری شخصیت عثمان چوہدری پر مشتمل وفد بھی تھا۔
مزید برآں، چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر ملائشیا سے ملاقات میں دو طرفہ پارلیمانی تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی، جس کے بعد اسپیکر ملائشیا نے معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جبکہ سفیر پاکستان سید احسن رضا نے بھی چیئرمین گیلانی کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ ترتیب دیا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ بین الاقوامی ا ئی ایس سی
پڑھیں:
چیئرمین سینیٹ کا ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر خراجِ عقیدت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے عظیم عوامی رہنما، بانی جمہوریت اور عوام کے حقوق کے محافظ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد ساز شخصیت تھے، جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور عوام کو حقیقی معنوں میں اقتدار کا مالک بنایا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے 1973 کا متفقہ آئین حاصل کیا، جو آج بھی ملک کے جمہوری نظام کی روح اور بقا کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو صاحب نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوری اقدار کو اولین ترجیح دی اور اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر آمریت اور جبر کے خلاف جدوجہد کی۔(جاری ہے)
انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت، انقلابی سوچ اور عوام دوست پالیسیوں نے پاکستان کو ایک نئی سمت دی۔
ان کی خدمات کا اعتراف نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی کیا جاتا ہے۔ وہ ایک ایسے لیڈر تھے جنہوں نے پسے ہوئے طبقے کو آواز دی، عام آدمی کو طاقتور بنایا اور ملک کو جدید صنعتی و اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج پوری قوم شہید بھٹو کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے نظریات پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ 1973 کا آئین ان کی بصیرت اور جمہوری وابستگی کی ایک عظیم نشانی ہے، جو آج بھی ملک کے استحکام اور عوامی حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ بھٹو کا نام پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔