ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا، ایاز صادق
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
عیدالفطر پر اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا، ہمیں ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کا دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے، عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کو بھی شریک کریں۔ عیدالفطر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا، ہمیں ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ہم متحد ہو کر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں ،آج کے دن ہم تمام شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا بھی اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میٹھی عید کی میٹھی خوشیاں پوری قوم کو مبارک ہوں،اللہ تعالیٰ پاکستان میں امن اور سکون قائم رکھے۔ خوشیاں ہمیشہ بانٹنے سے ہی بڑھتی ہیں، پنجاب حکومت عید کے موقع پر ہر طرح سے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنارہی ہے، مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام سیکیورٹی ادارے مصروف عمل ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
سپریم کورٹ نے عمران خان کو صادق اور امین کا لقب دیا ،علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی عید الفطر پر ڈی آئی خان میں پارٹی کارکنان اور عوام سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
ملاقاتوں کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دنیا بھر میں مقبول ترین لیڈر ہے جن کو سپر یم کورٹ نے صادق اور امین کا لقب دیا۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کینسر جیسے مہلک اور مہنگے علاج کے اسپتال بنائے، ان اسپتالوں میں ضرورت مندوں کو مفت علاج معالجہ فراہم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیرت النبیﷺ کی تعلیمات عام کرنے کے لیے عالمی معیار کی یونیورسٹی بنائی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی حکومت حضرت محمدﷺ کے اصولوں کے مطابق رکھی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے پاکستان میں ریاست مدینہ بنانے کا عملی نمونہ پیش کیا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ ملک میں مساوات، رحم، عدل و انصاف اور تکریمِ آدم سے آراستہ سماج قائم ہو، خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق ریاست مدینہ کے قیام پر عمل پیرا ہے۔