عید پر اللہ کی نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کیساتھ بانٹیں، یحییٰ آفریدی
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
عید الفطر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اللہ کرے یہ عید ہماری قوم کیلئے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے، آئیے ہم اس موقع پر سب کو یاد کریں اور اللہ کی عطا نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کے ساتھ بانٹیں۔ اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عید پر اللہ کی نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کے ساتھ بانٹیں۔ عید الفطر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ عدلیہ، قانونی برادری اور پاکستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، عید کا مقدس تہوار رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کی طرف اشارہ کرتا ہے، عید کا مبارک دن ہمیں ہمدردی اور رواداری کی خوبیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اللہ کرے یہ عید ہماری قوم کیلئے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے، آئیے ہم اس موقع پر سب کو یاد کریں اور اللہ کی عطا نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کے ساتھ بانٹیں۔ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ایسی سوچ ہمیں بھائی چارے، انصاف، دیانت اور انصاف کی بالادستی پر مبنی معاشرے کی ترغیب دیتی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
صدر اور وزیراعظم سمیت اہم شخصیات نے عید کی نماز کہاں ادا کی؟
ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم سیاسی شخصیات نے اپنے اپنے آبائی علاقوں میں نماز عید ادا کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں عید کی نماز ادا کی اور سب سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی، حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے جبکہ نواز شریف نے جاتی امراء میں نماز عید پڑھی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور ایم پی اے فریال تالپور بھی نواب شاہ میں عید منا رہی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عید الفطر کی نماز اپنے آبائی علاقے نوکنڈی میں ادا کی۔
ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی، بلاول بھٹو نماز عید کے بعد شہریوں سے عید ملے اور مبارک باد دی، ان کے ہمراہ قائم علی شاہ، آغا سراج درانی، سہیل انور سیال و دیگر بھی موجود تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نماز عید کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے بیگم نصرت بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر بھی فاتحہ خوانی کی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عیدگاہ گراؤنڈ کراچی میں نماز عید ادا کی جبکہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اٹک اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے حیدرآباد میں نماز عید ادا کی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے نماز عید ہری پور میں اپنے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں نے گورنر ہاؤس کراچی میں نماز عید ادا کی جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، سابق میئر کراچی وسیم اختر، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ اور ارشد وہرا نے پولو گراؤنڈ کراچی میں نماز عید پڑھی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے وزیراعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔
چوہدری برادران نے نماز عید الفطر گجرات میں ادا کی، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے نماز عید جامع مسجد عیدگاہ میں کارکنوں کے ہمراہ ادا کی جبکہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے جامع مسجد شاہ ولایت میں نماز ادا پڑھی۔
سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چوہدری، سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان، سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے نماز عید جی او آر ون کی مسجد میں ادا کی۔