کٹلانگ آپریشن: 17 خارجی ہلاک، کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا: عطا تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 31st, March 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کٹلانگ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 17 خارجیوں کو ہلاک کیا، جبکہ کسی عام شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کارروائی پاک فوج نے خود کی، اور اس میں کسی ڈرون حملے کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
عطا تارڑ کے مطابق، آپریشن کی جگہ کے قریب کوئی رہائشی علاقہ نہیں تھا، اور قریبی بستیاں چھ سے نو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ مقامی افراد نے خارجیوں کو سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس کے ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ خارجیوں نے عید پر مردان میں دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنایا تھا، جو اس آپریشن کے باعث ناکام ہوگیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہزاروں حملے ہونے کے باوجود اس جماعت نے کبھی مذمت نہیں کی، لیکن اب خارجیوں کے پھیلائے گئے ڈرون حملے کے جھوٹے دعوے پر فوج کے خلاف بیانیہ اپنا لیا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے دراصل خارجیوں کے سہولت کار ہیں اور ریاست ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
فوج اور ریاست ملک میں قیام امن میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، فوج اور ریاست اس ملک اور صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑے گی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کا ڈیرہ اسماعیل خان کا وزٹ اچھا اقدام ہے۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے،امن و امان کے حوالے سے پھر ہماری آنکھیں فوج کے جوانوں کی طرف ہوتی ہیں، فوج اور ریاست اس ملک اور صوبے میں امن و امان قائم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور خاص کر جنوبی اضلاع میں روزمرہ کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ہو رہے ہیں، ان میں پاک فوج کے جوان بھی شہید ہو رہے ہیں اور پولیس کے جوان بھی شہید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لوگوں کا براحال ہے،عام شہری جس طریقے سے زندگی گزار رہے ہیں سب کے سامنے ہے۔سندھ اور وفاق کے درمیان دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس ایشو کو خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو فیڈریشن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس مسئلے کو حل کریں، مشترکہ مفادات کونسل ( سی سی آئی ) وہ فورم ہے جہاں پر مسئلے ڈسکس ہوتے ہیں اور خوش اسلوبی سے حل کیے جاتے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ن لیگ اگر میڈیا کے ذریعے مسئلے حل کرے گی تو پھر مسئلے حل نہیں ہوں گے ، اس کا متعلقہ فورم سی سی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہو یا وزیراعلیٰ یا عوامی نمائندے، اگر عوام کو مسئلہ ہوگا تو وہ کھڑے ہوں گے۔گورنر خیبرپختونخوا نے مسلم لیگ ( ن ) کو باور کراتے ہوئے کہا کہ آج حکومت کھڑی ہے تو پیپلز پارٹی کے زور پر کھڑی ہے، کل بھی اگر کوئی جمہوری طریقے سے حکومت بنائے گا تو پیپلز پارٹی کی ضرورت ہوگی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انشاءاللہ جون میں چشمہ لفٹ کنال کا باقاعدہ افتتاح ہو جائے گا۔