پنجاب پولیس کا ایک اور بڑا کارنامہ،لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجیوں کا بڑا حملہ ناکام
اشاعت کی تاریخ: 29th, March 2025 GMT
پنجاب پولیس نے بہادری کی ایک اور مثال قائم کردی۔ ڈیرہ غازی خان کے خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، لکھانی چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشتگرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے۔ حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔ تاہم، پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان کے مطابق، پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے، جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیا۔ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی نگرانی کی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ڈیرہ غازی خان
پڑھیں:
پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی، منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
ائرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے پشاور ائیر پورٹ پر کارروائی کے دوران منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزم کو اے این ایف حکام کے حوالے کردیا۔
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے بڑی کارروائی کرکے پشاور سے جدہ جانے والی پرواز پر ایک مسافر سے آئس ہیروئن برآمد کرلی اور اس مسافر کی شناخت اسفند یار کے نام سے ہوئی اور کارروائی کے دوران ان کے سامان میں منشیات کی موجودگی کی نشان دہی کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ مسافر نے آئس ہیروئن سلائی مشین میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل عملے نے مسافر کے سامان کی تفصیلی تلاشی لی، جس کے نتیجے میں 1.890 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔