ڈیرہ غازی خان: پولیس نے سرحدی چوکی لکھانی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
اشاعت کی تاریخ: 29th, March 2025 GMT
ڈیرہ غازی خان: پنجاب پولیس نے عیدالفطر کی آمد سے قبل امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دیں۔
اس سلسلے میں پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لکھانی چیک پوسٹ پر 20 سے 25 خوارجی دہشتگرد چاروں اطراف سے حملہ آور ہوئے، حملہ آوروں نے مارٹر گولے، راکٹ لانچرز، سنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحے کا استعمال کیا تاہم پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیک پوسٹ کا دفاع کیا اور دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس کے تمام جوان اس حملے میں محفوظ رہے جو کہ فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دی اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیا۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی نگرانی کی جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔
سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ڈیرہ غازی خان
پڑھیں:
ایس پی عائشہ بٹ ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈ 2025 کیلئے منتخب
لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس کی خاتون افسر نے عالمی اعزاز کیلئے منتخب ہو کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس نے ایس پی عائشہ بٹ کو ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈ 2025 کے لئے منتخب کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ گلاسگو سکاٹ لینڈ میں اس سال ستمبر میں منعقد ہونے والی 62 ویں سالانہ کانفرنس میں ایس پی عائشہ بٹ کو عالمی ایوارڈ سے نوازا جائے گا، ایس پی عائشہ بٹ ان دنوں سٹی ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ کی حیثیت سے خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ یہ ایوارڈ ہر سال دنیا بھر سے ایک خاتون پولیس افسر کو اپنے معاشرے کیلئے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے، عائشہ بٹ کو پولیسنگ کے شعبے میں شاندار کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی عائشہ بٹ کو محکمہ پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس پی عائشہ بٹ کی کامیابی تمام پولیس افسران بالخصوص خواتین افسران کیلئے باعث فخر ہے۔
Post Views: 1