آئی ایس او کراچی کے تحت عظیم الشان آزادی القدس ریلی، سیاسی و مذہبی قائدین کا خطاب
اشاعت کی تاریخ: 28th, March 2025 GMT
ریلی کے اختتام پر جلسے سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین، اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار جیسے عظیم مجاہدین کی شہادت سے مزاحمت کا راستہ مزید مضبوط ہوا ہے اور انشاء اللہ شہدائے مقاومت کے خون کی برکت سے دنیا بہت جلد اسرائیل کی نابودی کا منظر دیکھے گی۔ اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام تحریک آزادی القدس کے بینر تلے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے نمائش تا تبت سینٹر ’’آزادی القدس ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین سمیت بچوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مظلومینِ فلسطین کی آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی میں شریک افراد نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "القدس ہمارا ہے"، "اسرائیل مردہ باد"، اور "فلسطین زندہ باد" کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی تھام رکھے تھے جن پر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ ریلی کے دوران فلسطینی بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی جبکہ مختلف مقررین نے اسرائیل کو خطے میں دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس، ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل و نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان سندھ مولانا قاضی احمد نورانی، رہنماء سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ محمد سعید عباسی، جنرل سیکرٹری سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ رحمان کورائی، جنرل سیکرٹری ہیئت آئمہ مساجد مولانا اصغر حسین شہیدی اور امت واحدہ کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے شہدائے مقاومت سے تجدید عہد کرتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حماس، حزب اللہ، انصار اللہ یمن سمیت تمام مقاومتی تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ بیت المقدس صرف فلسطینیوں کا ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے اور اسے صہیونی غاصبوں سے آزاد کرانا ہر مسلمان کی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ رہنماؤں نے عالمی برادری، بالخصوص مسلم حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور یمن جیسا حوصلہ پیدا کریں جو بھرپور قوت کے ساتھ فلسطینیوں کی عملی مدد کیلئے میدان میں ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین، اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار جیسے عظیم مجاہدین کی شہادت سے مزاحمت کا راستہ مزید مضبوط ہوا ہے اور انشاء اللہ شہدائے مقاومت کے خون کی برکت سے دنیا بہت جلد اسرائیل کی نابودی کا منظر دیکھے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ شہید حسن نصراللہ نے بالکل درست فرمایا تھا کہ اسرائیل کی نابودی اب زیادہ دور نہیں، خطے میں مزاحمتی قوتیں اسرائیل کے خلاف مضبوط دفاعی دیوار بن چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد محض زبانی دعووں سے نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔ رہنماؤں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کی بے حسی پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ ادارے مظلوموں کی دادرسی کے بجائے استعمار کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امت میں بے غیرت حکمران موجود ہیں، یمن کے عوام اور حکمرانوں نے غیرت کا مظاہرہ کیا، صہیونیت کو مسترد کیلئے مشرق و مغرب آج سڑکوں پر ہیں، امام خمینیؒ کی للکار اور امام خامنہ ای کی حکمت عملی سے صہیونیت کا بت ٹوٹ کر رہے گا، ہم سب بہت جلد مسجد اقصیٰ میں نماز میں ادا کریں گے۔ جلسے کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: رہنماؤں نے کہا کہ کے خلاف
پڑھیں:
ملتان، تحریک آزادی القدس کے زیراہتمام امام بارگاہ شاہ گردیز سے گھنٹہ گھر چوک تک القدس ریلی
ریلی سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا قدس مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے القدس کی آزادی کی کنجی مسلمانوں کے اتحاد میں پوشیدہ ہے، وہ دن دور نہیں جب شیعہ اور سنی مل کر بیت المقدس میں نماز ادا کریں گے، حکومت پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی القدس ملتان کے زیراہتمام یوم القدس کے موقع پر امام بارگاہ شاہ یوسف گردیز سے گھنٹہ گھر چوک تک یوم القدس ریلی نکالی گئی، جس سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس وحدت مسلمین، جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے ضلعی صوبائی اور مرکزی قائدین نے خطاب کیا۔ جن میں علی زین، علامہ اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، حافظ محمد اسلم، علامہ غلام مصطفی انصاری، برادر علی مصدق نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا قدس مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے، القدس کی آزادی کی کنجی مسلمانوں کے اتحاد میں پوشیدہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب شیعہ اور سنی مل کر بیت المقدس میں نماز ادا کریں گے، حکومت پاکستان قدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، آزادی بیت المقدس کے لئے اسلامی مقاومت کی جدوجہد، قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ خدا کی قسم ہم بروز محشر اللہ و رسول اور لاکھوں فلسطینیوں کے سامنے جواب دہ ہوں گے، آج پاکستان سمیت اکثریت اسلامی ممالک کے حکمران اسلام و فلسطین کے ساتھ خیانت و غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
شرکا میں بچے، نوجوان، بوڑھے، خواہران اور جوانوں کی کثیر تعداد کے علاوہ علما کرام شامل تھے۔ نوجوانوں نے فلسطین کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے، پلے کارڈذ اور بینرز پر فلسطین کے حق اور اسرائیل و امریکا کے خلاف نعرے تحریر تھے۔ ریلی کے شرکا نے گھنٹہ گھر چوک تک پیدل مارچ کیا۔ ریلی میں صوبائی صدر عزاداری ونگ انجینئر سخاوت سیال، حسن رضا مشہدی، رانا تیمور، برادر احتشام اظہر، یافث نوید ہاشمی بردار فخر نسیم، ظفریاب حیدر ضلعی صدور آئی ایس او اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کے آخر میں امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے گئے۔