مسلم حکمرانوں نے تحریک آزادی فلسطین سے خیانت کی، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ تحریک آزادی فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کو سرکاری طور پر منائے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر پوری دنیا کے غیرت مند مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ غاصب اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں نکلیں۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں نے تحریک آزادی فلسطین سے خیانت کی ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ تحریک آزادی فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کو سرکاری طور پر منائے۔ پاکستان کے عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے فلسطین کے عوام کی عملی مدد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان ڈویژن سکھر کے زیر اہتمام پنو عاقل میں منعقدہ القدس سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ القدس سیمینار سے علامہ مقصود علی ڈومکی کے علاوہ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے صوبائی رہنماء مولانا حزب اللہ جکھرو اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما حسینی رسول بخش جونیجو علی حسن اصغری غلام شبیر مجتبائی و دیگر نے خطاب کیا۔
القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی استقامت نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ اسماعیل ہانیہ، یحییٰ سنوار اور حسن نصر اللہ امت مسلمہ کے ہیرو ہیں۔ جنہوں نے امت کو مقاومت، مزاحمت اور عالمی استکبار سے ٹکرانے کا درس دیا ہے۔ اسرائیل یہ جنگ ہار چکا ہے۔ آج پوری دنیا اسرائیل کو ایک ظالم فرعونی ریاست کے طور پر جانتی ہے، جبکہ غزہ کے مظلوموں نے اپنے صبر و استقامت سے پوری دنیا کو فلسطین کی تحریک مزاحمت کی طرف متوجہ کیا ہے۔ آج فلسطین عالم انسانیت کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور آزادی فلسطین و مسجد اقصیٰ کی منزل قریب آ چکی ہے۔ تقریب میں علامہ علی بخش سجادی اور علامہ ولی محمد چانڈیو نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: تحریک آزادی فلسطین علامہ مقصود کرتے ہوئے
پڑھیں:
جیکب آباد، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے القدس ریلی برآمد
القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم شہدائے فلسطین اور تحریک آزادی بیت المقدس کے عظیم شہداء سے عہد کرتے ہیں کہ ہم انکے مشن کو اور تحریک آزادی بیت المقدس کو آگے بڑھائینگے۔ اسلام ٹائمز۔ عالمی یوم القدس پر رہبر کبیر آیت اللہ خمینی رح کے فرمان پر پوری دنیا کی طرح جیکب آباد میں بھی القدس ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کرتے ہوئے شہدائے بیت المقدس سے تجدید عہد کیا گیا۔ بچوں اور بزرگوں سمیت عوام کی بڑی تعداد یوم القدس کی ریلی میں شریک ہوئی اور فلسطینی عوام سے مشکل کی اس گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے فلسطین کے پرچم، شہید حسن نصراللہ، یحییٰ سنوار اور دیگر شہداء کی تصادیر اور مختلف پلے کارڈز اٹھائے تھے۔ جبکہ اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین نے فلسطین پر جاری بربریت کی مذمت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، ڈویژنل صدر وحدت یوتھ سید کامران علی شاہ، اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے ضلعی صدر عاشق حسین پٹھان، جعفریہ الائنس کے ڈویژنل صدر وزیر علی مشہدی، آئی ایس او کے ضلعی جنرل سیکرٹری بلاول علی ڈومکی اور انصاف اسٹوڈنٹس کے ضلعی صدر سمیر علی نے خطاب مظاہرین سے کیا۔
القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم شہدائے فلسطین اور تحریک آزادی بیت المقدس کے عظیم شہداء سے عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کی راہ کو ان کے مشن کو اور تحریک آزادی بیت المقدس کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج حماس حزب اللہ انصار اللہ یمن فلسطین کے لئے میدان میں لڑ رہی ہے، مگر امارت اسلامیہ افغانستان اور طالبان کے امیر کیوں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف ایک لفظ تک بولنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ جبکہ فلسطین میں 50 ہزار سنی مسلمان ذبح ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب، مصر اور اردن آج کیوں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ شریک جرم ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید کامران علی شاہ نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنائی اور رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نکلے ہیں۔ عاشق حسین پٹھان نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ زوار وزیر علی مشہدی نے کہا کہ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نذیر حسین جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ پاکستان کے عوام دو ریاستی حل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ فلسطین پورے کا پورا فلسطینیوں کا ہے۔