خیبرپختونخوا حکومت نے ادویات کی کھیپ پاڑہ چنار بھیج دی
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
پشاور:
محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے ضلع پاڑہ چنار میں عید کی تعطیلات کے دوران اسپتال آنے والے مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی کے لئے ادویات کی ایک اور کھیپ بھیج دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ صحت نے ڈی ایچ کیو اسپتال پاڑہ چنار کیلئے ادویات کی ایک اور کھیپ صوبائی ایئر ایمبولینس کے ذریعے پہنچا دی ہے ۔
دو پروازوں کے ذریعے چار ہزار کلوگرام وزنی ادویات اور سو سے زائد مسافروں کو پشاور سے پاڑہ چنار اور پاڑہ چنار سے پشاور منتقل کیا گیا۔
مشیر صحت احتشام علی کہنا ہے کہ عید سے قبل ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں نہ صرف ایمرجنسی ادویات پاڑہ چنار بھیجی گئیں بلکہ مریضوں اور دیگر مسافروں کو بھی منتقلی کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ وہ عید اپنے گھروں میں مناسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کو کرم کی صورتحال کا بخوبی ادراک ہے، اور محکمہ صحت ہنگامی بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر ممکنہ ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی ادویات کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مشیر صحت احتشام علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کی صحت اور سہولت کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محکمہ صحت پوری طرح مستعد ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاڑہ چنار ادویات کی
پڑھیں:
کاٹلنگ میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی؛ عام شہریوں کی شہادت پر انکوائری کی جائیگی، وزیراعلیٰ کے پی
پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران عام شہریوں کی شہادتوں کے افسوسناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی تاکہ حقائق سامنے آئیں۔
کاٹلنگ واقعے سے متعلق بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد صوبائی حکومت واقعے سے متعلق اپنا واضح موقف دے گی۔
انہوں نے عام شہریوں کی شہادتوں کے واقعے کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی علاقے میں پہلے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرکاری اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح اسی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے، صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام صوبے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔