اسلام آباد:

پاکستان نے حال ہی میں طے پانے والے محدود جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، جس کے تحت توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے ممنوع قرار دیے گئے ہیں اور بحیرہ اسود میں محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں یوکرین کی انسانی صورتحال پر پاکستان کا قومی بیان دیتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نامزد مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں امریکی انتظامیہ اور اس کی قیادت کی فعال شمولیت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ’’پُرامید ہیں کہ یہ نیا مثبت رجحان اور ابتدائی اقدامات سے پیدا ہونے والی رفتار بالآخر ایک جامع اور مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار کرے گی۔‘‘

سفیر عاصم افتخار احمد نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے نبھائیں گے اور امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور اس کی قیادت کے کردار کی تعریف کی۔

یوکرین کے تنازع پر پاکستان کے مستقل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے، انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے ابتدا ہی سے مذاکرات اور سفارت کاری، فوری جنگ بندی اور پرامن حل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تنازع کے مرکز میں موجود سیکیورٹی خدشات کو صرف ایک جامع حکمت عملی کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، جو وسیع تر خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کو یقینی بنائے۔

روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے تنازع کے باعث عام شہریوں پر پڑنے والے تباہ کن اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جو اب چوتھے سال میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہر انسانی جان قیمتی ہے۔‘‘

سفیر عاصم افتخار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عام شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کا تحفظ بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک لازم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام فریقین سے ان اصولوں کی مکمل اور مستقل پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی امدادی سرگرمیوں کو مؤثر اور متاثرہ آبادی کی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے، امدادی کارکنوں تک بلا تعطل رسائی اور ان کا تحفظ یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ انسانی امدادی عملے کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے، ان کی بلا روک ٹوک رسائی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کے ساتھ سلوک سے متعلق تیسرا جنیوا کنونشن تمام فریقین پر لاگو ہوتا ہے، اور اس کے اصولوں کی سختی سے پاسداری کی جانی چاہیے۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ ’’پاکستان کا مؤقف اس اور دیگر تنازعات پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی ہے۔ ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام، اقوام کے حق خودارادیت، اور طاقت کے ذریعے یا اس کے استعمال کی دھمکی دے کر زمین کے حصول کی ممانعت، چارٹر کے مطابق ریاستوں کو بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری، اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور تمام ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔‘‘

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: سفیر عاصم افتخار زور دیا کہ انہوں نے

پڑھیں:

عالمی بینک نے پاکستان کیلیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، رقم پنجاب ایئر پروگرام پر خرچ ہوگی

اسلام آباد:

عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی بینک کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قرض کی رقم پنجاب کلین ایئر پروگرام پر خرچ کی جائے گی، رقم صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے خرچ ہوگی جبکہ ہوا کے معیار کو بہتر انتظام کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔

کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کا کہنا تھا کہ کہ اس اقدامات کے ذریعے ہوا کے معیار اورعوامی صحت کو بہتر بنانا ہے، پنجاب کلین ایئر پروگرام سموگ کم کرنے کا منصوبہ ہے، لاکھوں شہریوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف ہوا سے سانس اور دل کی بیماریوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبہ عالمی بینک کے نئے کَنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ہے، لاہور ڈویڑن کے 13 ملین شہریوں کیلئے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔

متعلقہ مضامین

  • پاک بنگلادیش سیریز؛ صرف ٹی20 محدود رہے گی؟
  • عالمی بینک نے پاکستان کیلیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، رقم پنجاب ایئر پروگرام پر خرچ ہوگی
  • جنگ بندی کے خاتمے سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 900 سے زائد فلسطینی شہید
  • پاکستان، فلسطین جنگ بندی معاہدے کے تمام مراحل پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے، طارق فاطمی
  • جنگ کے خاتمے کے لیے یوکرین میں عبوری حکومت قائم کی جائے، پوٹن
  • ایران نے ٹرمپ کے جوہری معاہدے پر مذاکرات کے حوالے سے خط کا جواب دے دیا
  • ہیومن رائٹس کمیشن اور سول سوسائٹی کی انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش
  • صومالیہ میں شناختی کارڈ سروسز کی فراہمی کیلیے نادرا خدمات انجام دے گا، معاہدہ طے
  • مچھروں کیلیے انسانی خون کو مہلک بنانے والی دوا
  • امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں، ایرانی رہنما