بلوچستان میں آپریشنز بحال، عید سپیشل ٹرین پرسوں کوئٹہ سے پشاور جائیگی: وزیر ریلوے
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رواں ماہ 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد کوئٹہ میں معطل ہونے والا ٹرین آپریشن آج سے بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ جعفر ایکسپریس آج پشاور سے کوئٹہ روانہ ہوگی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ بولان میل پورے ہفتے چلے گی۔ عید سپیشل ٹرین 29 مارچ کو کوئٹہ سے روانہ ہوگی۔ عید کے پہلے تین دنوں کے لیے 20 فیصد رعایت رکھی گئی ہے۔ جعفر ایکسپریس پر حملہ بڑا افسوسناک واقعہ ہے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ دہشت گردوں نے زبان، قوم اور فرقوں کی بنیاد پر حملہ کیا جبکہ دنیا بھر نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری دہشت گردی پاکستان کے خلاف منصوبہ سازی ہے۔ ہمارے لوگ دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرتے ہیں، اس لیے وہ کامیاب ہوتے ہیں۔ ہم چھٹی ایٹمی طاقت ہیں، اسی لیے ملک میں دہشت گردی کو پروان چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ٹرین پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا ردعمل قابل اطمینان تھا۔ ضرار کمپنی کے کمانڈوز نے جانیں خطرے میں ڈال کر لوگوں کی جانیں بچائیں۔ سکیورٹی اور حکومتی دونوں سطحوں پر فیصلہ ہوچکا کہ دہشت گرد جہاں ہوں گے ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ حملے میں ملوث بہت سے دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ آپ نے کبھی سنا کہ راولپنڈی میں کوئی بلوچ مارا گیا ہو، پوری بلوچ قوم نہیں چند لوگ ہیں جو پنچابی کے خلاف ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کوئٹہ سے عید اسپیشل ٹرین سخت سکیورٹی میں پشاور کے لیے روانہ
کوئٹہ:عید الفطر کی مناسبت سے پاکستان ریلوے کی جانب سے چلائی گئی عید اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہو گئی۔
بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کئی دن ٹرین سروس معطل رہنے کے بعد گزشتہ روز شروع ہوئی تھی جب کہ آج عید اسپیشل ٹرین بھی سخت سکیورٹی میں کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق 9 بو گیوں پر مشتمل عید اسپیشل ٹرین 400 مسافروں کو لے کر پشاورکے لیے روانہ ہوئی۔
ٹرین کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔