زینب کیس کہیں نئی طاقت کو جنم نہ دے، گورنر سندھ
اشاعت کی تاریخ: 27th, March 2025 GMT
فائل فوٹو
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایک بشریٰ زیدی کیس نے ایم کیو ایم بنائی تھی، ٹینکر سے کچلی گئی زینب، کیس کہیں نئی طاقت کوجنم نہ دے۔
کامران ٹیسوری نے ملیر کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹینکر سے کچلے گئے خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ مجھے ہٹا سکتے ہوتو ہٹا دو لیکن عوام کے لئے بولنا نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جتنے لوگ ڈمپر تلے کچلے گئے ان کے لواحقین کو عید کے بعد ایک ایک پلاٹ دوں گا۔
کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ یوسی کے ذمہ دار کسی بھی جماعت سے ہوں میرے پاس ٹوٹی سڑکوں کی لسٹ لائیں، اپنے پیسوں سے سڑک بنواؤں گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ چیف جسٹس ڈمپر ٹینکر اور ہیوی ٹریفک سے کچلے جانے کا معاملہ دیکھیں اور فیصلہ سناکر جائیں، انہوں نے چیف جسٹس کو خط لکھنے کا اعلان بھی کیا۔
قبل ازیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گورنر کامران ٹیسوری پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شترمرغ کی کڑھائی کھلانے، آئی فون بانٹنے اور کھوکھلے وعدے کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اگر گورنر صاحب واقعی کراچی کی بہتری چاہتے ہیں تو وہ اپنی جماعت کی جانب سے کی گئی چائنا کٹنگ کی زمینیں واپس دلوا دیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کامران ٹیسوری
پڑھیں:
کراچی؛ ٹریفک حادثات میں بڑھتی ہلاکتیں؛ گورنر سندھ کا چیف جسٹس سے مدد لینے کا فیصلہ
کراچی:کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں میں تیز اضافے پر گورنر سندھ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا۔ کامران ٹیسوری جلد ہی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھیں گے۔
گورنر سندھ اپنے خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کریں گے کہ ان کے خط کو آئینی پٹیشن میں تبدیل کیا جائے اور شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے واقعات پر عدالت عظمیٰ کا لارجر بینچ تشکیل دیا جائے جو کراچی رجسٹری میں اس کیس کی سماعت کرے اور کراچی ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کی اموات کی روک تھام کے لیے مؤثر فیصلہ جاری کرے۔
یہ بات گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سیاسی مذہبی جماعتوں سول سوسائٹی سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ عید الفطر کے بعد گورنر ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان،جماعت اسلامی،جے یوآئی، عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، مہاجر قومی موومنٹ سمیت دیگرسیاسی و مذہبی جماعتوں،سول سوسائٹی، ٹرانسپورٹرز اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ان کی مشاورت سے کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے گی۔اس حوالے وہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی رابطہ کریں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید بتایا کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی کے لیے ایم کیوایم پاکستان قومی اور سندھ اسمبلیوں میں قرار دادیں بھی جمع کرائے گی۔اس معاملے کو پارلیمان میں بھی اٹھایا جائے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بھی بات کریں گے۔ان رابطوں کا مقصد کراچی کے باسیوں کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے۔