27 رمضان المبارک کو یوم القدس منایا جائے گا، حکومت سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، آئی ایس او
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب ایک طرف مغربی دنیا سے فلسطین کے حق میں توانا آواز بلند ہورہی ہے تو دوسری جانب پاکستان کے شہریوں کا اسرائیل کا دورہ تشویشناک ہے، حکومت وقت ان تمام افراد کو فی الفور گرفتار کرے اور ان کے خفیہ نیٹ ورک کو آشکار کرے، اسرائیل سے کسی بھی قسم کے روابط قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلمانان جہاں سے غداری ہے۔ اسلام ٹائمز۔ امام خمینیؒ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے 27 رمضان المبارک جمعہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائے گا جبکہ پاکستان کی مرکزی ریلی نمائش تا تبت سینٹر 3 بجے سہ پہر تحریک آزادی القدس پاکستان کے تحت نکالی جائے گی، حکومت پاکستان یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، مظلومین فلسطین آج فتح کے نزدیک تر ہیں اور اسرائیل بربادی کے دہانے پر ہے، فلسطینی مقاومتی فورسز نے ثابت کردیا کہ مزاحمت میں عزت، وقار اور کامیابی ہے، فلسطینیوں کی فتح ملت اسلامیہ کی فتح ہے، آج اگر مسئلہ فلسطین زندہ ہے تو اس کے پیچھے امام خمینیؒ، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، شہید سردار قاسم سلیمانی، شہید سید حسن نصراللہ، شہید یحییٰ سنوار اور بیشمار مجاہدین کا بنیادی کردار ہے کہ جنہوں نے اپنے خون سے اس مقاومتی تحریک کو زندہ رکھا، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مسلمان قبلہ اول کو غاصب صیہونی ریاست سے آزاد دیکھیں گے، پاکستان میں دہشت گردی کے خطرات کے باعث یوم القدس کی ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جو پچھلے سالوں میں بہترین انداز میں سرانجام دیا گیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومتی انتظامیہ یوم القدس کی ریلی کے روٹ پر سیکورٹی سمیت دیگر اقدامات کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ریجن کے صدر سروش رضا زیدی نے مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر مولانا صادق جعفری، رکن مرکزی نظارت آئی ایس او پاکستان مولانا عقیل موسیٰ، سیکرٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن ڈاکٹر صابر ابو مریم، صدر مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان علامہ نثار قلندری، نائب صدر جعفریہ الائنس علامہ باقر حسین زیدی، جنرل سیکرٹری جعفریہ الائنس شبر رضا کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امام خمینی نے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا، فلسطینی مجاہدین کی ہر طرح سے مدد کی اور فلسطین کے مسئلہ کو ایک عالمی تحریک بنایا، امام خمینی جانتے تھے کہ اسرائیل کو محض فلسطین تک محدود رہنے کیلئے مسلط نہیں کیا گیا ہے بلکہ اسرائیل عالم اسلام پر قبضہ چاہتا ہے، اسی لئے امام خمینی نے شروع سے اسرائیل کے خلاف جدوجہد شروع کی اور آج دنیا میں بسنے والا ہر مظلوم فلسطین کی آزادی کیلئے سینہ سپر ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ قدس امت مسلمہ کا قلب ہے اور اسرائیل اس پر خنجر کی مانند ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں پر واجب ہے کہ قبلہ اول کے تقدس و تحفظ اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کریں، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔
مقررین نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب ایک طرف مغربی دنیا سے فلسطین کے حق میں توانا آواز بلند ہورہی ہے تو دوسری جانب پاکستان کے شہریوں کا اسرائیل کا دورہ تشویشناک ہے، حکومت وقت ان تمام افراد کو فی الفور گرفتار کرے اور ان کے خفیہ نیٹ ورک کو آشکار کرے، پاکستان کے عوام قبلہ اول کی آزادی کیلئے ہم آواز اور سینہ سپر ہیں اور اسرائیل کی حمایت میں کسی بھی اقدام کیخلاف میدان میں موجود ہیں، اسرائیل سے کسی بھی قسم کے روابط قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلمانان جہاں سے غداری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان حکمران اگر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے قبلہ اول پر چڑھائی کرنے والوں سے جرات مندانہ انداز اختیار کرتے تو آج فلسطین کا نقشہ مختلف ہوتا، اپنی بقاء کے لیے فلسطین کے مسلمانوں نے ایک طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے،جن مسلمان حکمرانوں نے اپنے اسلامی نظریات پر اسرائیل و امریکہ کی تابعداری کو مقدم رکھا ہے تاریخ ان کی اس سیاہ کاری کو کبھی معاف نہیں کرے گی، دنیا بھر کے باشعور و با ضمیر افراد یوم القدس کے موقع پر مظلوم کی حمایت اور ظالمین سے اپنی نفرت کا برملا اظہار کرتے ہیں، اس سال کا یوم القدس سید المقاومت سید حسن نصراللہ سے منسوب ہے اور انشااللہ ملک بھر میں ہزاروں عاشقان بیت المقدس اپنے گھروں سے نکل شہید سید حسن نصراللہ سے اظہار یکجہتی کریں گے اور اپنا تجدید عہد کریں گے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پاکستان کے یوم القدس فلسطین کے قبلہ اول کہا کہ
پڑھیں:
دنیا جلد اسرائیل کی نابودی کا منظر دیکھے گی، کراچی میں عظیم الشان آزادی القدس ریلی
اسلام ٹائمز: احتجاجی ریلی سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس، ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل و نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان سندھ مولانا قاضی احمد نورانی، رہنماء سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ محمد سعید عباسی، جنرل سیکرٹری سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ رحمان کورائی، جنرل سیکرٹری ہیئت آئمہ مساجد مولانا اصغر حسین شہیدی اور امت واحدہ کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا۔ متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام تحریک آزادی القدس کے بینر تلے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے نمائش تا تبت سینٹر ’’آزادی القدس ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین سمیت بچوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مظلومینِ فلسطین کی آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ ریلی میں شریک افراد نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "القدس ہمارا ہے"، "اسرائیل مردہ باد"، اور "فلسطین زندہ باد" کے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی تھام رکھے تھے جن پر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ ریلی کے دوران فلسطینی بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی جبکہ مختلف مقررین نے اسرائیل کو خطے میں دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی ریلی سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس، ترجمان سندھ حکومت تحسین عابدی، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی انجینئر عادل عسکری، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل و نائب صدر جمعیت علمائے پاکستان سندھ مولانا قاضی احمد نورانی، رہنماء سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ محمد سعید عباسی، جنرل سیکرٹری سندھ بار کونسل ایڈوکیٹ رحمان کورائی، جنرل سیکرٹری ہیئت آئمہ مساجد مولانا اصغر حسین شہیدی اور امت واحدہ کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے خطاب کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/@ITNEWSUrduOfficial