سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے والا منظم گینگ بے نقاب
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
گجرانوالہ:
ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔
ترجمان کے مطابق موریطانیہ سے سیالکوٹ پہنچنے والے مسافر علی اسد سے پوچھ گچھ جاری ہے، وہ فلائٹ نمبر FZ.337 کے ذریعے سینیگال سے سیالکوٹ پہنچا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق گجرات کے رہائشی علی اسد نے کچھ عرصہ قبل وزٹ ویزہ پر فیصل آباد ایئرپورٹ سے سینیگال کا سفر کیا تھا اور وہاں سفیان نامی ایجنٹ کے رابطے میں آیا۔ ایجنٹ نے 35 لاکھ روپے کے عوض اسے یورپ بھجوانے کا معاہدہ کیا۔
موریطانیہ پہنچنے پر علی اسد کو سمندر کے راستے غیر قانونی طریقے سے یورپ بھیجنے کی کوشش کی گئی جس پر وہ سمندر کے راستے غیر قانونی سفر سے انکار کرکے وطن واپس آگیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ایجنٹ سفیان کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے اور اس کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مسافر کو مزید تحقیقات اور ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گجرات منتقل کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور بیرون ملک جانے کے لیے قانونی راستے اختیار کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سمندر کے راستے ایف آئی اے کے مطابق
پڑھیں:
جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا
چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق سیکریٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر ارشد محمود نے جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی سے ملاقات میں فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست کی اور ان کی بطور چیئرمین این آئی آر سی کارکردگی کو سراہا۔
سیکریٹری سمندر پار پاکستانیز نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ورکرز کے زیر التواء کیسز کو نمٹایا اور انصاف کی تیز ترین فراہمی کی یقینی بنایا گیا، ورکرز کے مسائل کے حل میں این آئی آر سی کا کلیدی کردار ہے۔
سیکریٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر ارشد محمود نے ورکرز کے مفاد میں جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی سے عہدہ نہ چھوڑنے کی درخواست کی جس پر جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے ورکرز کی بہتری، فلاح و بہبود کیلئے بطور چیئرمین این آئی آر سی کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی کابینہ نے جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کو دسمبر 2024 میں تین سال کیلئے چیئرمین این آئی آر سی مقرر کیا تھا۔