سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کا دورہ امریکا اور PTI کی ’’فری عمران‘‘ مہم
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
اسلام آباد: (انصارعباسی)… سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اپنےدورہ امریکا کے دوران امریکا میں مقیم تحریک انصافپارٹی کے ان رہنماؤں کے ساتھ پارٹی کی “عمران رہائی” کی مہم کو امریکہ میں فعال طور پر آگے بڑھا تے رہے ہیں۔
اس مہم میں پارٹی کے چند رہنما اورپارٹی عہدیدارایسی سرگرمیوں میں ملوث رہے جنہیں حکومت اور ریاستی ادارے “ریاست مخالف” یا “فوج مخالف” سرگرمیاں قرار دیتے ہیں۔
پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ بیرونِ ملک ان کی سرگرمیوں کا مقصد قانون کی بالادستی یقینی بنانا اور پارٹی و قیادت کے خلاف ہونے والے مبینہ انتقامی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ان سرگرمیوں میں قومی اداروں، خصوصاً فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا گیا اور بعض اقدامات سے ریاستی مفادات کو بھی نقصان پہنچا۔
بیرون ملک تحریک انصاف زیادہ ترامریکا میں سرگرم رہی لیکن نہ تو سابق بائیڈن انتظامیہ نے نہ ہی موجودہ صدر ٹرمپ نے پی ٹی آئی کی توقعات کے مطابق پاکستان پر کوئی دباؤ ڈالا۔
ڈاکٹر عارف علوی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اپنے حالیہ امریکی دورے میں انہوں نے ارکان کانگریس ہیلی سٹیونز، جیک برگمین، اور لاس ویگاس کی میئر شیلی برکلی سمیت متعدد اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں انہوں نے عمران خان کی رہائی کا مقدمہ پیش کیا۔
اس کے علاوہ وہ فاکس نیوز پر بھی نمودار ہوئے جہاں انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان میں یو ایس ایڈ کے فنڈز کا استعمال انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے لیے کیا گیا۔ انہوں نے کہا میں امریکا میں عمران خان کو آزادی دلوانے کے مشن پر ہوں۔
انہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی بات کی اور دعویٰ کیا کہ 26 نومبر کو “درجنوں افراد” جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ڈاکٹر علوی کی یہ ملاقاتیں اور میڈیا میں شرکت پی ٹی آئی امریکہ چیپٹر کے تعاون سے ممکن ہوئیں، جن میں شہباز گل، قاسم سوری اور دیگر شامل تھے۔ ان افراد پر حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں خصوصاً فوج کے خلاف مہم چلانے اور سوشل میڈیا پر گمراہ کن بیانیہ پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
حکام کی تحقیقات کے مطابق شہباز گل اور قاسم سوری ان پی ٹی آئی رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے بیرونِ ملک فوج کے خلاف منفی مہموں میں حصہ لیا۔ ان کی کوششوں میں امریکی کانگریس میں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر قراردادیں پیش کرانے کا مقصد بھی شامل تھا۔
بعض حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنرل عاصم منیر کے خلاف بار بار منفی باتیں کی گئیں، اور امریکی کانگریس میں ایک مجوزہ قانون سازی کی بھی لابنگ کی گئی جس کا مقصد پاکستانی فوجی قیادت پر امریکی ویزا کی پابندی لگوانا تھا۔
امریکا میں مقیم پی ٹی آئی کے ایک رہنما کا سابق امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد سے قریبی رابطہ بھی زیرِ بحث آیا ہے، جو اکثر پاکستانی فوج پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بیرونِ ملک تنظیمی سیکریٹری سجاد برکی، لندن میں مقیم بین الاقوامی میڈیا کوآرڈینیٹر زلفی بخاری، اور امریکہ و برطانیہ میں متحرک دیگر رہنما جیسے عاطف خان اور ملک عمران خلیل بھی حکام کی نظر میں ہیں۔
سجاد برکی اور عاطف خان پی ٹی آئی امریکہ چیپٹر سے جبکہ ملک عمران خلیل، نظر عباس، معاذ ملک اور ناصر میر پی ٹی آئی برطانیہ چیپٹر سے تعلق رکھتے ہیں۔پی ٹی آئی کے امریکہ اور برطانیہ چیپٹر نے اپریل 2022 سے اب تک 20 سے زائد احتجاجی مظاہرے کیے ہیں، جن کا مرکزی موضوع انتخابی عمل میں مبینہ دھاندلی، حکومت کی تبدیلی میں فوج کے مبینہ کردار، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، یو ایس ایڈ کے فنڈز کا مبینہ غلط استعمال، آئی ایم ایف قرضوں کی مخالفت اور اعلیٰ عسکری قیادت کے خلاف عوامی بیانیہ رہا ہے۔
(انصارعباسی)
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: امریکا میں پی ٹی ا ئی انہوں نے کے خلاف
پڑھیں:
امریکی اقدامات بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، چین
BEIJING:چین نے امریکا کی جانب سے مختلف ممالک کی مصنوعات اور دیگر معاملات پر عائد کی گئیں پابندیاں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اقدامات بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ امریکا نے اپنی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور خارجہ پالیسی کی خلاف ورزی کے بہانے اندھا دھند غیر قانونی اور یک طرفہ پابندیاں عائد کرنے کے لیے اینٹیٹی لسٹ اور دیگر برآمدی کنٹرول ہتھکنڈوں کا غلط استعمال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے یہ اقدامات واضح طور پر تسلط پسندانہ عمل ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کی برآمدی پابندیوں کی فہرست میں 10 سے زائد چینی اداروں کے شامل ہونے سے متعلق ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایسا اقدام بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات اور عالمی پیداوار اور سپلائی چین کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین ان اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ قومی سلامتی کے غلط تصور کو عام کرنا بند کرے، اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی امور پر سیاست کرنا، آلے کے طور پر استعمال کرنا اور ہتھیار بنانا، مختلف پابندیوں کی فہرستوں کا غلط استعمال اور چینی کمپنیوں کو غیر مناسب طریقے سے دبانا بند کرے۔
انہوں نے کہا کہ چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔