آرمی چیف کی والدہ انتقال کر گئیں، جنرل عاصم نے نماز جنازہ خود پڑھائی: صدر، وزیراعظم، نوازشریف دیگر کی شرکت
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
راولپنڈی؍ اسلام آباد؍ شیخوپورہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ ماجدہ انتقال کرگئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ریس کورس آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اپنی والدہ ماجدہ کی نماز جنازہ خود پڑھائی۔ نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، نواز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ اور پاک نیوی کے سربراہان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی، سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق، انوارالحق کاکڑ، محسن نقوی، مراد علی شاہ، سرفراز بگٹی، کامران ٹیسوری، رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء محمد حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجینئر امیر مقام سمیت بڑی تعداد میں سفارتکاروں، دینی، سیاسی و سماجی شخصیات، اعلی عسکری و سرکاری حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد آرمی چیف کی والدہ مرحومہ کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ آرمی ریس کورس قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ قبل ازیں صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کے سوگوار خاندان کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں اور مرحومہ کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی بخشش اور بلندی درجات کیلئے دعا کی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ والدین قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ان کا بچھڑنا ایک ناقابل تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہے۔ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سید عاصم منیر اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنرل سید عاصم منیر اور ان کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات کی دعا کی۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ والدہ کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ماں کا سایہ اٹھ جانا زندگی کا سب سے بڑا صدمہ ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آرمی چیف اور ان کے اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر گیلانی، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ، وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وزیر تجارت جام کمال، وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر، رانا ثناء اللہ، چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت مختار بھرتھ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری، وفاقی وزیر خالد مگسی نے بھی آرمی چیف سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ فضل الرحمن، عبدالغفور حیدری، ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے بھی جنرل عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر ان کے دکھ میں شریک ہیں۔ شیخوپورہ نمائندہ خصوصی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور ان کی اگلی منزلیں آسان کرے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ ماں باپ راضی ہوں تو رب راضی، رب راضی تو جگ راضی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: عاصم منیر کی والدہ وفاقی وزیر وزیر مملکت نے کہا کہ ا رمی چیف اور ان
پڑھیں:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر تعزیت
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔(جاری ہے)
یہ بات وزیراعلیٰ سیکریڑیٹ سے جاری کردہ اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہےکہ والدہ جیسی عزیز ہستی کی وفات کے دکھ کا کوئی مداوا نہیں۔جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی فوج نے ہمیشہ مادر وطن کی خدمت کی ہے اور آج ہم اس غمگین موقع پر جنرل سید عاصم منیر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر جمیل دے۔