چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں تاخیر کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
اشاعت کی تاریخ: 25th, March 2025 GMT
اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) اور 2 ممبران کی تعیناتی میں تاخیر کے خلاف درخواست سماعت کےلیے مقرر کردی گئی۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈران عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز نے عدالت عالیہ اسلام آباد میں درخواست دائر کی تھی، جس کی سماعت کل جسٹس محمد اعظم خان کریں گے۔
درخواست میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر، ممبر سندھ اور بلوچستان اپنی مدت مکمل کرچکے ہیں، نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی میں تاخیرکرکے آئین کیخلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت قرار دے کہ وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے۔
مزید استدعا کی گئی کہ عدالت اسپیکرقومی اسمبلی کو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر ارکان قومی اسمبلی کے نام دینے کی ہدایت کرے، عدالت چیئرمین سینیٹ کو ارکان سینیٹ کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجنے کی ہدایت جاری کرے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالت وزیراعظم کو آئین کے آرٹیکل 213 کے تحت اپوزیشن لیڈر سے بامعنی مشاورت کے احکامات جاری کرے، عدالت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی آئینی مدت ختم ہونے کے باوجود عہدے پر رہنے کو غیرقانونی قرار دے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: چیف الیکشن کمشنر قومی اسمبلی
پڑھیں:
ماہرنگ بلوچ کی گرفتاری کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور
درخواست گزار نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کیخلاف جو مقدمات قائم ہیں، ان میں انکی گرفتاری شامل نہیں تھی۔ گرفتاری کے بعد انہیں فوری جیل بھیجا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنماء ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر بلوچستان ہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ کو گرفتار کرنے کے بعد فوراً جیل بھیج دیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری قانونی طریقہ کار کے برعکس ہے۔ درخواست گزار نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے خلاف جو مقدمات قائم کئے گئے ہیں، ان میں ان کی گرفتاری شامل نہیں تھی۔ اس پر ان کے وکیل عمران بلوچ نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کے لئے سرکاری حکام کو ہدایت جاری کی جائے۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس روزی خان بڑیچ اور شوکت رخشانی پر مشتمل بینچ نے درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کئے۔ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور پراسیکوٹر جنرل کی درخواست پر عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، عدالت نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے رشتہ داروں اور ان کے وکیل کو جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔