یوم پاکستان : اعلی خدمات کا اعتراف، گورنر سندھ نے 12شخصیات ایوارڈز تقسیم کئے
اشاعت کی تاریخ: 24th, March 2025 GMT
کراچی(این این آئی)یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہائوس میں سول ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 12افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کیے ۔ نظامت کے فرائض چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے انجام دیئے۔ تقریب میں جرمنی،اٹلی، سعودی عرب، ترکیہ، عمان، ملائشیا، ویتنام، ایران کے قونصل جنرلز، صوبائی سیکرٹریز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کی۔ گورنر سندھ نے7افراد کو ستارہ امتیاز،ایک کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 4 افراد کو تمغہ امتیاز دیئے۔گورنرسندھ نے آغاخان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، وائس چانسلر دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ثمرین حسین، میزان بینک کے چیف فنانشل آفیسر سید عمران علی شاہ، منیزہ شمسی، ناظم الدین فیروز ، زاھد احمد غارب اور حنین حسین لاکھانی(مرحوم)کوستارہ امتیاز کے اعزاز سے نوازا۔ گورنر سندھ نے امبرین حسیب امبر کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا۔ گورنر سندھ نے مقصود احمد، جوزف کوٹس، ریئر ایڈمرل(ر)تنویر احمد اور وارث پنجانی(مرحوم)کو تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا ۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: گورنر سندھ نے
پڑھیں:
یوم پاکستان پر ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقریب
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں صدرمملکت نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔صدر مملکت نے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کو شاندار خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا، ذوالفقار علی بھٹو کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ان کی صاحبزادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔تقریب میں ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی و قومی خدمات بیان کیے جانے کے دوران صنم بھٹو جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں، اس موقع پر ایوان صدر جیے بھٹو اور زندہ ہے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ صدر مملکت نے ایئرمارشل ریٹائرڈ راجا شاہد حامد مرحوم کو گراں قدرخدمات پر نشان امتیاز عطاکیا، سلطان علی اکبر الانا کو مالیاتی شعبے میں گراں قدر خدمات پر نشان خدمت عطا کیاگیا۔ایس پی محمد اعجاز خان شہید، ڈی ایس پی علامہ اقبال شہید، ڈی ایس پی سردار حسین شہید کو غیرمعمولی بہادری پر ہلال شجاعت سے نوازا گیا۔صدر مملکت نے کانسٹیبل جہانزیب شہید،کانسٹیبل ارشاد علی شہید،ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید اور سب انسپکٹر تیمور شہزاد شہید کو بھی غیرمعمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطاکیا۔صدر نے ایل ایچ سی محمد فاروق شہید اور سپاہی محمد آصف شہید کو غیرمعمولی بہادری کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطاکیا۔تقریب میں اللہ رکھیو شہید کو شعبہ تعلیم میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال شجاعت عطاکیاگیا، ڈاکٹر سید توقیر شاہ کو سول سروس اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا اور سید علی حیدر گیلانی کو خدمات عامہ کے شعبے میں گرانقدر خدمات پر ہلال امتیاز عطاکیاگیا۔صدر مملکت نے حسین داؤد کو انسان دوستی اور مفاد عامہ کے شعبے میں شاندار خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جبکہ خواجہ انور مجید کو سماجی شعبے میں گرانقدر خدمات پر ہلال امتیاز عطا کیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر شہریار اور ڈاکٹر زریاب کو بھی شعبہ طب میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔