امام علی (ع) کی خلافت ایک مثالی اسلامی حکومت کی علامت ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
ڈیرہ مراد جمالی میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امام علی علیہ السلام کی ذات اسلامی تعلیمات کا عملی نمونہ ہے، اور آپؑ کے اقوال و فرامین رہتی دنیا تک ہدایت اور روشنی کا مینار رہینگے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع نصیر آباد کے زیر اہتمام جامع مسجد میں شہادت مولا علی علیہ السلام کی مناسبت سے مجلس عزاء منعقد ہوئی۔ مجلس عزاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کی زندگی عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؑ کی سیرت طیبہ عدل پسندی، علم، تقویٰ زہد، شجاعت اور حلم کو اپنا کر ہر شخص دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ آپؑ کی ذات اسلامی تعلیمات کا عملی نمونہ ہے، اور آپؑ کے اقوال و فرامین رہتی دنیا تک ہدایت اور روشنی کا مینار رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ کی خلافت ایک مثالی اسلامی حکومت کی علامت ہے۔ آپؑ نے ہمیشہ انصاف، مساوات اور حق گوئی کو ترجیح دی۔ آپؑ نے فرمایا کہ دنیا کی سب سے بڑی خیانت حکومت میں خیانت ہے اور سب سے بڑا دھوکہ رعایا کے ساتھ دھوکہ ہے۔ آپؑ کی حکومت میں کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں تھا اور آپؑ نے ہمیشہ کمزوروں اور مظلوموں کا ساتھ دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ حضرت علیؑ کی زندگی انتہائی سادہ تھی۔ آپؑ نے ہمیشہ سادگی اور قناعت کو ترجیح دی۔ آپؑ کی خوراک جو کی روٹی اور نمک پر مشتمل ہوتی تھی، حالانکہ بیت المال پر آپؑ کا مکمل اختیار تھا۔ آپؑ نے فرمایا کہ دنیا کی مثال سانپ کی مانند ہے، جو دیکھنے میں نرم لگتی ہے مگر اس کا زہر جان لیوا ہوتا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علامہ مقصود نے کہا کہ
پڑھیں:
مریم نواز کا پانی کے عالمی دن پر پیغام: پانی زندگی کی علامت اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت
لاہور:
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پانی قدرت کی انمول نعمت ہے جس کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی زندگی کی علامت ہے اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی۔
مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی پانی کے ضیاع سے منع فرمایا، اور اسی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں پانی کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ ہر بوند قیمتی ہے، اور روزمرہ زندگی میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے شعور بیدار کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑھتی ہوئی آبادی، موسمیاتی تبدیلیوں اور بے احتیاطی کے باعث آبی ذخائر میں تیزی سے ہونے والی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں شدید قلت کا شکار ہو سکتی ہیں۔
مریم نواز شریف نے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے مناسب استعمال اور تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بارشی پانی کو محفوظ کرنے اور زیر زمین ٹینک بنا کر اسے آبپاشی کے لیے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ پانی کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور آج سے ہی پانی بچانے کے عمل کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کی بقا کے لیے ہمیں پانی کو ذمہ داری سے استعمال کرنا ہوگا کیونکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس اہم مسئلے پر سنجیدگی سے غور کریں اور عملی اقدامات کریں۔