ملک بھر میں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک بھر میں آج یوم پاکستان کے 85 برس مکمل ہونے کا دن ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رمضان المبارک کی وجہ سے 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات کو محدود پیمانے پر روایتی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
رواں سال یوم پاکستان کی مرکزی تقریب روایتی پریڈ کو محدود پیمانے پر ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مسلح افواج کے دستے انہیں سلامی پیش کریں گے۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی ایوانِ صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے، جب کہ پاکستان آرمی کا مایہ ناز پائپ اینڈ پرکشن بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔
تقریب میں غیرملکی سفرا اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت بھی ہوگی۔ یوم پاکستان کی یہ تقریبات ملک بھر میں قومی یکجہتی اور جذبہ حب الوطنی کی عکاس ہوں گی۔
سروسز چیفس کی مبارک باد
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کویومِ پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں یوم پاکستان کے موقع پر سروسز چیفس نے کہا ہے کہ 23 مارچ وہ دن جب ایک آزاد وطن کے قیام کا خواب حقیقت میں ڈھلنے کی راہ پر گامزن ہوا۔
اعلامیے میں سروسز چیفس نے کہا کہ یہ دن ہمارے ایمان، امید اور ثابت قدمی کی علامت ہے، جو پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، پاکستان جمہوری اقدار اور اسلامی اصولوں کی روشنی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
آئی ایس پی آر کے علامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پوری قوت کے ساتھ کوشاں ہے جبکہ پاک افواج اپنی سرحدوں کے دفاع اور مادرِ وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمے دار اور مضبوط رکن ہے، پاکستان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں مصروفِ عمل ہے، ہم ایک متحد قوم کے طور پر روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں اپنے پائیدار استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج اس امن کا دفاع جاری رکھیں گی اور یہ ہماری قومی شناخت کی علامت ہے، پاکستان امن کا پیامبر ہے، اور ہم اس کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، ان شاء اللہ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اعلامیے میں یوم پاکستان پاکستان کی کے ساتھ
پڑھیں:
85واں یوم پاکستان آج منایا جائے گا، دہشت گردی کا خطرہ، سیکورٹی کے انتظامات
وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائے گی، قومی پرچم لہرائے جائیں گے، مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا
مسلح افواج کی طرف سے پریڈ میںبری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئرکور،ناردرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے ا سپیشل سروس گروپ اورکیمل بینڈ پریڈمیں حصہ لیں گے
85واں یوم پاکستان آج 23مارچ (اتوار ) کو قومی جوش و جذبے ، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے ،یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعائوں سے ہوگاجبکہ تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور تقسیم برصغیر کی جدوجہد کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئرکور،ناردرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروس گروپ اورکیمل بینڈ پریڈمیں حصہ لیں گے ۔اس دن کی مناسبت سے پاکستان ٹیلی وژن سمیت نجی ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے ۔ریڈیو پاکستان کے تمام اسٹیشنوں نے یوم پاکستان کیلئے خصوصی پروگرام تیار کئے ہیں جس کا مقصد 1940 میں منظور کی جانے والی قرار داد لاہور کی اہمیت کوا جاگر کرنا ہے جس سے قیام پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔ اس دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد بھی کیاجائے گا ۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر کی وجہ سے یوم پاکستان کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔