ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اشاعت کی تاریخ: 23rd, March 2025 GMT
اسلام آباد:
ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں خصوصی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جہاں مسلح افواج کی پریڈ ہوگی اور قومی پرچم لہراہا جائے گا۔
یوم پاکستان کے سلسلے میں 23 مارچ کو پریڈ محدود پیمانے پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کی جائے گی، یوم پاکستان پریڈ کو محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ رمضان المبارک کے باعث کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پریڈ میں بدستور تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے اور گزشتہ روز مسلح افواج کے دستوں نے ایوان صدر میں ریہرسل کی اور فضائیہ کے طیاروں نے حصہ لیا۔
یوم پاکستان پریڈ ایوان صدر کے احاطے میں منعقد کی جائے گی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری یوم پاکستان کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جہاں مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی ایوان صدر کے سامنے فلائی پاسٹ کریں گے، پریڈ میں پاکستان آرمی کا مایہ ناز پائپ اینڈ پرکشن بینڈ اپنے فن کا بھی مظاہرہ کرے گا۔
تقریب میں غیرملکی سفیروں اور دیگر اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، مساجد میں خصوصی دعائیں ہوں گی اور ملک بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
صدر اور وزیر اعظم نے یوم پاکستان پر قوم کے نام خصوصی پیغام بھی جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ زندہ قومیں قومی تہوار ہمیشہ جوش و خروش سے مناتی ہیں، پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کے افسروں اور جوانوں کی جانب سے وطن کی حفاظت اور حرمت کے حوالے سے خارجیوں، انتشاریوں اور امن کے دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے۔
چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی اور درہ آدم خیل میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے وطن کے محافظوں کی جانب سے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: یوم پاکستان مسلح افواج ایوان صدر
پڑھیں:
قرارداد پاکستان کو 85 سال مکمل، آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے ک ساتھ منایا جارہا ہے
23 مارچ 1940 کو لاہور میں منظور ہونے والی قراداد پاکستان کو 85 سال مکمل ہوگئے ہیں جس پر آج ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
23 مارچ یوم پاکستان کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔
دن کے آغاز پر مساجد اور عبادتگاہوں میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس بار یوم پاکستان کی تقریبات محدود مگر پروقار طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دن روایتی پریڈ کی تقریب ایوان صدر کے احاطے میں رکھی گئی ہے جس میں تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی دے رہے ہیں۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان آصف علی زرداری ہیں جبکہ ان کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور بیرون ممالک سے سفارتی نمائندے بھی تقریب میں شریک ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
23 مارچ افواج پاکستان پریڈ یوم پاکستان