ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، یوسف رضا گیلانی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جب 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کا عہد کیا تھا۔
قراردادِ پاکستان کی منظوری محض ایک دستاویز نہیں تھی بلکہ یہ ایک ایسی انقلابی سوچ کا اظہار تھا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مشترکہ منزل کی جانب گامزن کیا۔ انہوںنے کہاکہ یومِ پاکستان ہمیں اس وعدے کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔(جاری ہے)
قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں ہمیں اس ملک کو ایک جدید، جمہوری، ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی ہوں گی۔
جمہوریت کا استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی اور اداروں کی مضبوطی ہی وہ راستے ہیں جو ہمیں حقیقی معنوں میں ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں، تمام تر اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملکی ترقی و استحکام کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور قومی یکجہتی کے اس سنہری اصول کو اپنائیں جو ہمارے اسلاف کا خاصہ تھا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا ایوان بالا اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم عوامی فلاح و بہبود، پارلیمانی روایات کے فروغ، جمہوری اقدار کی پاسداری اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ہمیں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن کو ہمیشہ امن و استحکام عطا کرے، اسے ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچائے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے انہوںنے کہاکہ ملک کو
پڑھیں:
یوم پاکستان ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ کا یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ یوم پاکستان پر سب کو قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عہد کرنا چاہیے اور پاکستان کی خاطر ایک ہونا چاہیئے، باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یوم پاکستان نا صرف خوشی کا موقع ہے بلکہ مستقبل کے حوالے سے ہماری ذمہ داریوں کی یاد دہانی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے، یوم پاکستان پر سب کو قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عہد کرنا چاہیے اور پاکستان کی خاطر ایک ہونا چاہیئے، باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے حقیقی معنوں میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا وقت ہے، پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے ایک عظیم تحفہ ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی یکجہتی اور عزم سے کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے ہر پاکستانی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، دہشتگردی اور انتشار پھیلانے والوں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جدوجہد جاری ہے اور مکمل خاتمے تک جاری رہے گی، آئیے آج روشن مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں۔