حضرت علی ؑکی شہادت اسلامی تاریخ اور امت مسلمہ کا ایک المیہ ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری
اشاعت کی تاریخ: 22nd, March 2025 GMT
منہاج القرآن کے شہراعتکاف سے خطاب کرتے ہوئے بانی تحریک منہاج القرآن کا کہنا تھا کہ آپ ؑکی شہادت نے امت مسلمہ کو یہ پیغام دیا کہ دنیا کی فانی خواہشات کے بجائے آخرت کی کامیابی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔ حضرت علی ؑکی زندگی میں ہمیں بے شمار ایسے اصول ملتے ہیں جو آج بھی ہماری اجتماعی زندگی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف سے عشق الٰہی اور لذت توحید کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی نافرمانیاں بڑھ جائیں تو رحمتیں اور برکتیں اُٹھ جاتی ہیں۔ اُمت آج ایسے ہی المیہ سے دو چار ہے۔ رمضان المبارک بالخصوص آخری عشرہ خود شناسی، خوداحتسابی اور قرب الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہے۔ اُمت غفلت کی زندگی ترک کر دے، یہ تباہی کا راستہ ہے، توبہ سے اللہ کو راضی کیا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بطور خاص نصیحت کی قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے اخلاق و کردار سنواریں۔ دین کے عشق اور سیرت مصطفیؐ کی محبت میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ مشکلات میں عشق الٰہی کا پتہ چلتا ہے، راہ حق میں تکلیفیں برداشت کرنیوالے منزل پا لیتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مولائے کائنات حضرت علی ؑکے یوم شہادت کی نسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی ؑکی شہادت اسلامی تاریخ اور امت مسلمہ کا ایک المیہ ہے، امت آج بھی اس زخم کا دکھ سہہ رہی ہے، حضرت علی ؑاصولوں، عدل و انصاف اور شجاعت کا پیکر تھے۔ آپ ؑکی شہادت نے امت مسلمہ کو یہ پیغام دیا کہ دنیا کی فانی خواہشات کے بجائے آخرت کی کامیابی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔ حضرت علی ؑکی زندگی میں ہمیں بے شمار ایسے اصول ملتے ہیں جو آج بھی ہماری اجتماعی زندگی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ ان کی تعلیمات میں صبر، تحمل، عدل، انصاف، اور انسانیت کی خدمت کا درس ملتا ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی شہادت کے بعد بھی آپ کی تعلیمات امت مسلمہ کی رہنمائی کیلئے زندہ ہیں۔ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں 50 فیصد سے زائد نوجوان شریک ہوئے۔ 5ہزار کے لگ بھگ خواتین شریک ہیں، 15ہزار افراد کے سحر و افطار کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے
لاہور سمیت ملک بھر میں آج خلیفہ چہارم حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر ملک بھر میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔
لاہور
دوسری جانب لاہور میں یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہو گیا جو کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔آزادی فلائی اوور سے بھاٹی چوک کی جانب سڑک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو گی، مال روڈ، سیکرٹریٹ سے آنے والی ٹریفک کو کچہری چوک سے آؤٹ فال روڈ سگیاں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق سرکلر روڈ کی طرف سے آنیوالی ٹریفک کو شاہ عالم چوک سے میو ہسپتال، اردو بازار بھجوایا جارہا ہے جبکہ موری گیٹ سے بھاٹی چوک تک سڑک مکمل طور پر بند ہے۔لوئر مال روڈ، پانی والا تالاب، رنگ محل چوک، اندرون دہلی گیٹ، وزیر خان، مستی گیٹ، شاہی قلعہ اور علی پارک سے ٹیکسالی کی جانب جانے والی سڑک بھی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے۔
کراچی
ادھر کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا جو کہ کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی گزرگاہ پر آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔شرکاء کو صرف واک تھرو گیٹس کے ذریعے داخلے کی اجازت ہو گی اور راستوں پر کلوز سرکٹ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔جلوس کے روٹ پر آنے والی دکانیں بند کردی گئی ہیں، ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جبکہ کوریڈور تھری سے صدر آنے والی سڑک کو پارکنگ پلازہ سے بند کیا گیا ہے۔جلوس کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظام کیے گئے ہیں، رینجرز اور پولیس کے 4 ہزارسے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔جلوس نشتر پارک سے ہوتے ہوئے سر شاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جیمز روڈ، ایم اے جناح روڈ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، ایم اے جناح روڈ دوبارہ، بولٹن مارکیٹ، بھاٹی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ اور حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ تک جاری رہے گا۔
کوئٹہ، راولپنڈی
دوسری جانب پشاور اور راولپنڈی میں نکالے گئے مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے ہیں جبکہ کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی شہادت حضرت علیؓ کے جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی آخری منزل پر اختتام پذیر ہوں گے۔
موبائل فون سروس بند، ڈبل سواری پر پابندی
علاوہ ازیں کمشنر کراچی کی جانب سے یوم علی ؓ کے موقع پر شہر میں دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سندھ میں تمام تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔دوسری جانب کوئٹہ شہر میں جلوس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے موبائل فون سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔