ملک میں کوئی نیا آپریشن ہونے نہیں جارہا، وزیر مملکت
اشاعت کی تاریخ: 21st, March 2025 GMT
علی امین گنڈاپور قومی سلامتی کے اجلاس سے متعلق کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں، اگر دہشت گردوں کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو ان کے دوست نہ بنیں،کے پی سے یہ آوازیں آپ کی حب الوطنی پر بھی سوال اٹھاتی ہیں(طلال چودھری)
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں وہ بیج بویا جس سے آج پاکستانیوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں۔ کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، وزیراعلیٰ کے پی کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں۔جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو نہ بسایا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا، "کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے ۔” اپنی بات جاری رکھتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ واضح کردوں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا اور نہ ہی آپریشن کی بات ہوئی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور قومی سلامتی کے اجلاس سے متعلق کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی اگر دہشت گردوں کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو ان کے دوست نہ بنیں، بانی پی ٹی آئی نے ایک ہفتے بعد جعفر ایکسپریس واقعے کی مذمت کی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی کی بات کی، خیبر پختونخوا میں کس کی ناکامی ہے ؟ کے پی کے میں تحریک انصاف کی 13 سال سے حکومت ہے ۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو 800 ارب روپے دیے گئے ، 8 ارب بھی نہیں لگائے گئے ، بات چیت ان سے ہوتی ہے جن کے ہاتھ میں بندوق نہیں ہوتی، ہتھیار اٹھانے والوں سے بات چیت ہتھیاروں کے ساتھ ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر روزانہ 180آپریشن ہو رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے جنگ جیتی ہے ، 95فیصد دہشت گردی کے واقعات بلوچستان اور کے پی میں ہوئے ۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ ہر کوئی اپنا قومی فرض نبھائے ، کے پی سے آنے والی یہ آوازیں آپ کی حب الوطنی پر بھی سوال اٹھاتی ہیں، بنوں مسجد پر حملے کی بانی پی ٹی آئی نے آج تک مذمت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پیٹرن ان چیف بانی پی ٹی آئی ہیں، بنوں ہو یا لکی مروت، لوگوں نے خود نکل کر سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دیا ہے ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اجلاس میں موجود تھے اور باہر نکل کر کنفیوژن پھیلا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
اگر عمران خان اور ہم دہشت گرد ہیں تو پھر بات ختم ہوگئی ہے، فواد چوہدری
لاہور:پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی اور ہم دہشت گرد ہیں تو پھر بات ختم ہوگئی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ کل جب قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تو علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پہلے یہ طے کر لیں کہ دہشتگرد کون ہے ؟
انہوں نے کہا کہ اس وقت انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے کیسز چل رہے ہیں ۔ اگر بانی پی ٹی آئی اور ہم دہشتگرد ہیں پھر تو بات ختم ہو گئی ہے ۔ اگر 70 فیصد ووٹ لینے والی جماعت دہشتگرد ہے تو مطلب پاکستان دہشتگرد ہے ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ میں وہ چیز نہیں آئی کہ وہ لوگوں کو اکھٹا کر سکے ۔ کل بانی پی ٹی آئی کو نہیں بلایا گیا، محمود خان اچکزئی نہیں آئے، بلوچستان کی اصل قیادت نہیں آئی ۔ جنرل راحیل شریف کا کریڈٹ ہے کہ انہوں نے کہ اے پی ایس سانحے کے بعد پورے پاکستان کو اکھٹا کر لیا تھا ۔
فابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابھی جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہو رہا تھا کہ حکومتی وزرا نے کہنا شروع کر دیا کہ بانی پی ٹی آئی علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہیں ۔ اگر بانی پی ٹی آئی علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہیں تو آپ کس کے بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں ؟۔
انہوں نے کہا کہ کل کے اجلاس سے پوری دنیا میں بہت غلط تاثر پیدا ہوا ۔ آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اسٹبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھیں ۔ بہتر یہی ہے کہ ایک قومی حکومت تشکیل دی جائے۔ پاکستان کو آگے لے کر چلیں، اب بھی بہت نقصان ہو چکا ہے۔
فواد چوہدری کی ضمانت میں توسیع
قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت میں مغلپورہ، زمان پارک اور جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 5 مقدمات میں فواد چوہدری کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے 16 اپریل تک توسیع کر دی ۔