قصور کے سرحدی علاقے میں ڈرون کے ذریعے منشیات بآسانی اسمگل ہونے لگی
اشاعت کی تاریخ: 20th, March 2025 GMT
لاہور:
قصور گنڈا سنگھ منڈی عثمان والا کے گردونواح سرحدی دیہات بارڈر ایریا میں منشیات کی اسمگلنگ کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا، ڈرون کے ذریعے بارڈر پار ہیروئن اسمگل کی جا رہی ہے۔
پولیس کارکردگی صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہوکر رہ گئی، فرضی پریس ریلیز جاری کر کے ڈنگ ٹپاؤ پر کام چلایا جا رہا ہے، بااثر افراد سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر منشیات اسمگل کر رہے ہیں۔
پولیس صرف روز مرہ کی پریس ریلیز جاری کرنے پر اپنا وقت صرف کرتی ہے جبکہ عملی طور پر ان سرحدی علاقوں میں منشیات آئس، چرس، افیون وغیرہ دھڑلے سے فروخت اور اسمگل کی جا رہی ہے۔
ان منشیات فروشوں نے کئی گھرانے تباہ کر دیے ہیں، اسکول کالجز تک منشیات فروشی کی جا رہی ہے جس سے نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہمارے قصور کے سرحدی دیہات بارڈر ایریا سے منشیات فروشی اور اسمگلنگ کرنے والے ذمہ دار عناصر کو نکیل نہیں ڈالی جائے گی تو یہ علاقے تباہ ہو جائیں گے، سرحدی علاقوں سے منشیات فروشی اور اسمگلنگ کا دھندہ بند کرنے کے لیے اے این ایف سخت آپریشن کرے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا مہم: پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے ہوشربا انکشافات
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا مہم میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ملوث ہونے کے ہوشربا انکشافات سامنے آگئے۔
جے آئی ٹی ذرائع نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آگئے، پی ٹی آئی کے افراد سے دوران تفتیش جے آئی ٹی نے اشتعال انگیز مواد اکھٹا کیا ہے، یہ مواد پی ٹی آئی قیادت کی ریاست مخالف سرگرمیوں اور پروپیگنڈے کا ثبوت ہے۔
جے آئی ٹی ذرائع نے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں پی ٹی آئی قیادت کے قریبی رشتے دار بھی ملوث پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی فورم فعال طور پر مجرموں کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائیوں کی سفارش کر رہی ہے۔
جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی مفرور اور غیر حاضر افراد کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش بھی کر رہی ہے، پی ٹی آئی سینٹرل میڈیا ڈویژن اور سوشل میڈیا ٹیم کی کارروائیاں ‘رضاکار فورس’ کے ذریعے نہیں کی گئیں۔
جے آئی ٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ یہ ریاست مخالف پروپیگنڈا اندرون ملک اور آف شور اکاؤنٹس کے ہیڈلرز کے ذریعے کیا گیا، اس پروپیگنڈا مہم کی مالی اعانت غیر ملکی لابیز اور پی ٹی آئی قیادت کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی لابیز پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر اس پروپیگنڈا مہم کو کنٹرول بھی کر رہی ہیں، جے آئی ٹی، پی ٹی آئی کے افراد سے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی الیکٹرانک جرائم کے ایکٹ 2016ء کے تحت تشکیل دی گئی تھی، وفاقی حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی کی سربراہی اسلام آباد پولیس کے آئی جی کر رہے ہیں۔
Post Views: 1