رمضان المبارک کی عبادات میں میں روزے اور تلاوت کے بعد صدقہ تیسری بڑی عبادت ہے اور ستم دیکھیے کہ اس ماہ ہمارے چہروں سے وہ تبسم ہی بالکل غائب ہوجاتا ہے جسے رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صدقہ قرار دیا ہے۔ مسلمان کے پاس اس ماہ دینے کے لیے روپیہ پیسہ تو ہوتا ہے مگر تبسم ناپید ہوجاتا ہے۔ ایسا نہیں کہ یہ تبسم خرچ ہوکر ناپید ہوجاتا ہے بلکہ وہ دیگر اشیا کی طرح اس کی بھی جیسے ذخیرہ اندوزی کر لیتا ہے۔ اس ماہ آپ جسے بھی دیکھیے چہرے پر یا تو طیش کے آثار ہوں گے یا بلا کی ایسی سنجیدگی جیسے ڈاکٹر نے میڈیکل رپورٹس پڑھ کر کوئی بری خبر سنادی ہو۔ تبسم ڈھونڈے سے بھی نہ ملے گا۔
حالانکہ رمضان ایک ایسا مہینہ ہے جس میں خدا نے ایک طرف ثواب کے انبار لگا رکھے ہیں تو دوسری جانب اس انبار کے لوٹ کی ایسی آسانی پیدا فرمادی ہے کہ شیطان کو ہی قید کرلیا جاتا ہے جو اس ثواب کو لوٹنے میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ اس پہلو سے غور کیجیے تو یہ مسرت کے لمحات سے بھرپور مہینہ ہے۔ لیکن ہمارے چہروں پر اضافی مسرت کے آثار تو چھوڑیے وہ معمول کا تبسم بھی غائب ہوجاتا ہے جو سال کے دیگر 11 مہینوں میں نظر آتا ہے۔ عجیب بات یہ کہ رمضان میں بھی صرف روزے کی حالت میں ہی یہ تبسم غائب رہتا ہے افطار کے بعد تو ایک حد تک لوٹ آتا ہے۔ کیا اس کا تعلق بھوک اور پیاس سے ہے؟ اور وہ بھی ایسی بھوک اور ایسی پیاس جس میں فاقوں کا ہولناک خوف شامل نہیں ہوتا بلکہ اس کا اختتام چند گھنٹے بعد انواع اقسام کی نعمتوں پر ہونا طے ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کون جنتی کون دوزخی؟
نہیں! یہ تبسم چند گھنٹے کی بھوک پیاس کے ہاتھوں نہیں بلکہ کچھ علتوں کے سبب رخصت ہوتا ہے جن کا ہم نے خود کو اسیر کر رکھا ہے۔ ہم میں سے اکثر لوگ پان، سگریٹ، نسوار میں سے کسی ایک علت کے ضرور اسیر ہوتے ہیں۔ وہ لوگ اقلیت میں ہیں جو ان 3 میں سے کسی ایک نشے کی اسیری میں نہ ہوں لیکن ایسوں کی بھی اکثریت چائے کی تو ضرور ہی اسیر ہوتی ہے جو بجائے خود دنیا کے چند سب سے زیادہ مستعمل نشوں میں سے ہے۔ چائے تو اس درجہ عام و مرغوب نشہ ہے کہ اس کی لت مائیں ہی اپنے بچوں کو لگاتی ہیں۔ 2 سے 3 سال کی عمر میں مائیں اپنے بچوں کو 2 وقت چائے کی باقاعدہ عادت ڈالتی ہیں بس بچے کے بچپنے کا لحاظ یوں فرما لیتی ہیں کہ اس ابتدائی عمر میں بچوں کی چائے میں پتی کی مقدار کم رکھتی ہیں جس کا آسان سا ٹوٹکا وہ یہ کر لیتی ہیں کہ بچے کی چائے کے کپ میں اضافی دودھ ڈال لیتی ہیں۔
ماؤں کی توجہ اس جانب جاتی ہی نہیں کہ چائے نہ صرف یہ کہ انسانی ضرورت نہیں بلکہ یہ محض ایک مضر صحت نشہ ہے جو انسان کو اپنا قیدی بنا لیتا ہے لہٰذا اور نہیں تو مادری جبلت سے ہی کام لیتے ہوئے اپنے بچوں کو اس نشے سے بچا لیا جائے۔ کوئی بھی ماں یہ سوچنے کا تکلف گوارا نہیں کرتی کہ وہ اپنے بچے کو اپنے ہی ہاتھوں محض 2،3 سال کی عمر میں ایک نشے کا عادی بنا رہی ہے جس کا یہ ساری زندگی اسیر رہے گا۔ اور اسیر بھی اس حد تک کہ رمضان جیسے شاندار مہینے میں روزے کی حالت میں پورا دن محض اس لیے اس کی شکل پر 12 بج رہے ہوں گے کہ اسے چائے کی طلب ستا رہی ہوگی۔
ان ’جائز نشوں‘ میں بسا اوقات صورتحال یہ ہوجاتی ہے کہ یہ چھوڑنے سے بھی چھوٹتے نہیں۔ ہمارے بہت ہی مہربان ڈاکٹر عاصم اللہ بخش سے چند برس قبل اپنے معدے کے علاج کے سلسلے میں مشاورت کی تو دوران گفتگو فرمانے لگے کہ پان کی علت سے جان چھڑانی ہوگی ورنہ دوا عارضی افاقہ تو دے گی مگر پان کے ہوتے مرض سے جان نہ چھوٹے گی۔ جو شخص 35 برس سے پان کھا رہا ہو وہ اس قسم کے مشوروں کا بھی عادی رہا ہوتا ہے سو اسے ہر بار بس اتنا ہی تکلف کرنا پڑتا ہے کہ معالج سے توڑنے کے لیے ایک وعدہ مزید کر لیا جائے۔ مگر ڈاکٹر عاصم اللہ بخش کے ساتھ اس واردات کی ہمت نہ ہوئی۔ یوں ہم نے سالہا سال بعد پان چھوڑ دیا۔ اور چھوڑا بھی آن واحد میں۔ نتیجہ یہ کہ سال بعد شدید قسم کے ڈپریشن کا شکار ہوگئے۔ دماغی امراض کے معالج سے رجوع کیا تو پتا چلا کہ پان بتدریج کی بجائے فوراً ترک کرنے سے دماغی کیمیکلز کا توازن بگڑ گیا ہے۔ یوں پان واپس ہماری زندگی میں داخل ہوگیا۔
مزید پڑھیے: مہذب اقوام کا مستقبل
پان، سگریٹ اور نسوار وہ آفت ہے جس کے عادی روزہ دار کے ساتھ ظہر کے بعد گفتگو سے قبل احتیاطاً آیت الکرسی اور معوذتین دم کرنے پڑتے ہیں تاکہ اس کے شر سے تحفظ میسر رہے۔ یہ جو موضوع ہم نے آج چھیڑا ہے اس کا ہم خود شکار رہے ہیں۔ ہر رمضان ہمارے ہاں بھی یہی احتیاط ہوتی رہی کہ گھر والے ظہر کے بعد تو دم درود کے سہارے ہم سے ضروری گفتگو فرما لیتے لیکن عصر کے بعد وہ دم درود پر بھی بھروسا نہ کرتے اور ہم سے کسی آتش گیر مادے کی طرح فاصلے پر رہتے۔ چنانچہ ایک مدت بعد ہمیں یہ خیال آیا کہ یہ ہم کس قسم کا رمضان گزارتے ہیں؟ ہم روزے کی حالت میں ظہر سے افطار تک اپنی ہی فیملی کے لئے ایک شر کیوں بن جاتے ہیں ؟ کیا ہمارا یہ رویہ خود روزے کی حرمت کے خلاف نہیں ؟ چنانچہ پچھلے 5 رمضانوں سے خود پر جبر کی جد و جہد شروع کردی۔ طے کر لیا کہ کچھ بھی ہوجائے ہم طیش کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیں گے، بلکہ طیش پر حاوی ہونے کی کوشش کریں گے۔
یقین جانیے معمولی سی ہی مشکل پیش آئی۔ طریقہ یہ اختیار کیا کہ جوں ہی کوئی بات ناگوار لگتی ہے اور نتیجے میں غصے کی کیفیت سر اٹھانے لگتی ہے تو ہم اسی لمحے اسے دبا دیتے ہیں جس کی سبیل یہ ہوتی ہے کہ خود کو یاد کرا دیتے ہیں کہ یہ خیروبرکت کا مہینہ ہے۔ لہٰذا ہم سے شر صادر نہیں ہونا چاہیے۔ جب ہم نے پہلی بار اس پر عمل شروع کیا تو ظہر تو ظہر عصر کے بعد بھی ہمارے چہرے کی مسکراہٹ اور ہلکے پھلکے قہقہے دیکھ کر گھر والے بے یقینی سے ایک دوسرے کو تکنے لگے۔ سب سے دلچسپ تجربہ لکھنے کا رہا۔ پان سگریٹ جیسی علتوں کا اسیر روزے کی حالت میں صبح 8،10 بجے بھی کچھ نہیں لکھ سکتا جبکہ ہم ان پچھلے چند رمضانوں میں عصرکے بعد بھی لاتعداد تحریریں لکھ چکے اور کوئی دقت پیش نہ آئی۔
مزید پڑھیں: جھوٹ کو سچ بنانے والے
حالانکہ رمضان میں عصر کے آس پاس تو وہ اہل قلم بھی کچھ نہیں لکھ پاتے جو صرف چائے کے ہی عادی ہوں۔ چائے کے سلسلے میں اپنا معاملہ یہ ہے کہ پورے دن میں ایک ہی کپ کی عادت ہے اور وہ بھی صبح ناشتے میں، سو اس کی طلب کا وقت مقرر ہے، ناشتے کے علاوہ کبھی چائے کی طلب ہوتی ہی نہیں- سوال یہ ہے کہ ہم نشہ ٹوٹنے کے نتائج پر حاوی کیسے ہوئے؟ جواب یہ ہے کہ قوت ارادی کی مدد سے ہوئے۔ انسان کو اللہ سبحانہ و تعالی نے مسخر کرنے کی صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے۔ یہ جو انسان ہمالیہ کی چوٹیوں کو سر کر لیتا ہے، فضاؤں میں اڑ رہا ہے اور سمندر کی تہہ تک اتر رہا ہے، یہ اس کی تسخیری صلاحیتوں کا ہی اظہار ہے۔ اور تسخیر کی روح اس کی قوت ارادی ہے۔ سو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اسی قوت ارادی سے وہ اپنی منفی کیفیات کو تسخیر نہ کر سکے؟ یہ قوت ارادی کے استعمال کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم اب شرپسند روزہ دار نہیں ہیں۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: چائے روزے کی حالت میں قوت ارادی ہوجاتا ہے کہ رمضان ہوتا ہے چائے کی ہے اور کے بعد ہیں کہ
پڑھیں:
21 رمضان کے جلوس میں لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج کیا جائے گا، علامہ عقیل موسیٰ
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں معروف عالم دین نے کہا کہ شیعہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اب مزید پیچیدہ نہیں ہے مگر اب مزید کئی جوانوں کو جبری گمشدگی کا شکار کر دیا گیا ہے، ہم نے پہلے بھی یہ واضح کر آئے ہیں کہ یہ مسئلہ کسی ایک تنظیم کا مسئلہ نہیں ہے یہ شیعہ قوم کا مسئلہ ہے، پوری قوم ان افرادکے ساتھ ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں اور علما کرام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ شیعہ افراد کا مسئلہ فوری حل کیا جائے، دہشت گردی کی روک تھام کے لیے موثر پالیسی اور اقدام کیے جائیں، 21 رمضان کے جلوس میں لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں معروف علامہ عقیل موسیٰ نے جبری گمشدہ ہونے والے نوجوانوں کے ورثا کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ شیعہ افراد کے مسئلے پر سپریم کورٹ سے رجوع کررہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ اس اہم مسئلہ پر ہمیں عدالت اعلی انصاف فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کو اس مسئلہ کی جانب متوجہ کرنا چاہتے ہیں، شیعہ لاپتہ جوانوں کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے اور ہمارے بیسیوں لاپتہ شیعہ جوان بازیاب ہونے چاہیئے، ہمارے پیاروں نے اگر کوئی جرم کیا ہے تو اس کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شیعہ لاپتہ افراد کا مسئلہ اب مزید پیچیدہ نہیں ہے مگر اب مزید کئی جوانوں کو جبری گمشدگی کا شکار کر دیا گیا ہے، ہم نے پہلے بھی یہ واضح کر آئے ہیں کہ یہ مسئلہ کسی ایک تنظیم کا مسئلہ نہیں ہے یہ شیعہ قوم کا مسئلہ ہے، پوری قوم ان افرادکے ساتھ ہیں، اداروں کو چاہیئے کہ ان خاندانوں سے بات کریں اور ہمارے لاپتہ جوانوں کو سامنے لائیں، اگر ہمارا مسئلہ حل نہیں ہوا تو ہم احتجاج کا حق ہر مقام اور ہر مرحلے پر استعمال کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن پاکستانی ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ اپنے ہی پر امن شہریوں کے ساتھ یہ سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان میں جعفر ایکسپریس سانحے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 21 رمضان کے جلوس میں اپنے پیاروں کی آزادی کے لیے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا جائے گا، ورثا کا سوال ہے کہ ہمارے پیاروں کا جرم کیا ہے؟، ان خاندانوں سے پوچھیں جن کے عزیز آج تک واپس نہیں آسکے، ان پر کیا گزر رہی ہے؟، ہم جلد ہی اپنے پیاروں کی رہائی کے لیے سپریم کورٹ جائیں گے۔