کراچی، دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 19th, March 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے کورنگی پونے چھ نمبر کے قریب ایک میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران ہونے والی فائرنگ میں 24 سالہ صہیب ولد محمد جاوید جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے میڈیکل اسٹور لوٹنے کی کوشش کی، جس پر اسٹور کے مالک صہیب نے مزاحمت کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے بے دردی سے فائرنگ کردی، جس سے صہیب کو کندھے پر گولی لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک کا استعمال کیا تھا اور رقم لوٹنے کے بعد وہ فرار ہو رہے تھے، واقعے کے بعد اطراف کے لوگوں نے شور مچایا، جس پر ملزمان نے بے تحاشا فائرنگ کی۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق مقتول صہیب اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور میڈیکل اسٹور کا مالک تھا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈکیتی کی وارداتوں کی لہر کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گھوٹکی میں ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈہر کے قافلے پر فائرنگ، محافظ جاں بحق، 3 افراد زخمی
گھوٹکی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی جام مہتاب حسین ڈہر کے قافلے پر فائرنگ سے محافظ جاں بحق، تین افراد زخمی ہوگئے۔
گھوٹکی پولیس کے مطابق کچھ دیر پہلے تھانہ کینجھو کی حدود لنک روڈ کینجھو نزد بٹڑی واہی پر مسلح افراد نے ایم پی اے جام مہتاب حسین ڈھر کی گاڑی پہ حملہ کیا ہے، واقعے میں جام مہتاب حسین ڈھر بالکل محفوظ ہیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں جام مہتاب حسین ڈھر کا ایک محافظ ظفر ڈہر جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد قریبی دوست اسد شاھ، ڈرائیور اختر پٹھان اور چنیسر دوندھو کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو ڈی ایس پی اوباوڑو عبدالقادر سومرو بمہ بھاری نفری نے فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس نے بروقت زخمیوں کو علاج کے لئے ڈھرکی اسپتال پہنچایا، علاقے میں سخت سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی ہے۔