صدر مملکت اور وزیرِ اعظم کا ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراج تحسین
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے طور درہ میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے. جس میں تین خوارج مارے گئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن کے دوران تین خوارج کے جہنم واصل ہونے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں اور پوری قوم اپنے سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنے عزم اور ہمت سے تین خارجیوں کو جہنم واصل کیا، جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے اس عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔صدر مملکت اور وزیرِ اعظم دونوں نے اپنے بیانات میں ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی عوام اور افواج متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑیں گے اور ملک میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز صدر مملکت فورسز کے
پڑھیں:
نوشکی حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں حملہ آور سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے، ترجمان بلوچستان حکومت
فوٹو: فائلترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ نوشکی میں آج صبح دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیا، ابتدائی کارروائی میں حملہ آور سمیت 4 دہشت گرد مارے گئے، حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان اور 2 شہری شہید ہوئے۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ یہ حملہ بھی دہشت گردی کی تسلسل سے ہونے والی مذموم کارروائیوں کا حصہ ہے، اسی کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، اس حملے میں سیکیورٹی فورسز کانوائے کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کو نوشکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنادیے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے فرار کے تمام راستے بند کردیے گئے، پیچھا کیا جارہا ہے، مارے جانے والے دہشت گردوں کے علاوہ دیگر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی نہیں، صوبے کے ہر فرد کی ہے۔ حکومت، فورسز اور عوام مل کر اس جنگ میں لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کو شکست دیں گے۔