قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس، عسکری قیادت شریک
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
---فائل فوٹو
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس جاری ہے، جس کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور اطراف میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں اعلیٰ حکومتی اور عسکری قیادت شریک ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، ڈی جی آئی ایس آئی عاصم ملک، ڈی جی ایم او اور ڈی جی آئی بی فواد اسد اجلاس میں موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمٰن، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، رانا ثنا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احسن اقبال، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، فیصل واوڈا، خالد مقبول صدیقی، جام کمال، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور آئی جی پولیس بھی اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی کابینہ کے 38 اراکین قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہیں۔
پیپلز پارٹی کے 16 اراکینِ پارلیمنٹ بلاول بھٹو کی سربراہی میں اجلاس میں موجود ہیں۔
مسلم لیگ ق کے 2 اراکینِ پارلیمنٹ، استحکامِ پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان، نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد اور مسلم لیگ ضیاء کے اعجازالحق بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین کے سوا تمام اراکین پارلیمنٹ موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی بشیر خان ایوان میں پہنچے اور کچھ دیر رکنے کے بعد واپس چلے گئے۔
اجلاس میں سربراہ بی این پی مینگل سردار اختر مینگل کو بھی بلایا گیا ہے، لیکن انہوں نے شرکت نہیں کی۔
اجلاس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کررہے ہیں، انہوں نے قومی سلامتی کے شرکا کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، تلاوت کلام پاک کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خطاب سے کمیٹی اجلاس کی کارروائی شروع ہو گی۔
اجلاس میں ڈی جی آئی بی کی بریفنگ کے بعد بلاول بھٹو اور دیگر پارلیمانی لیڈر اظہارِ خیال کریں گے۔
اجلاس میں تقاریر کے بعد سوال و جواب کا بھی سیشن ہو گا۔
اجلاس میں عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان سوالات کے جوابات دیں گے۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر اسنائپرز تعینات ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کمیٹی کے اجلاس اجلاس میں کے بعد
پڑھیں:
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس کل طلب، عسکری قیادت بریفننگ دیگی
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی ‘خبر نگار ‘نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ایڈوائس پر سپیکر قومی اسمبلی نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل بروز منگل دوپہر ڈیڑھ بجے طلب کر لیا ہے، قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اِن کیمرہ ہو گا، جس میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو ملک کی موجوہ سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹیکا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کیا جائے گا جس میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران اور ان کے نامزد نمائندگان شرکت کریں گے۔ متعلقہ اراکان کابینہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ قومی سلامتی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوں گے، پورے ہاؤس کو سلامتی کمیٹی میں تبدیل کیا جائے گا۔ اعلیٰ عسکری قیادت خیبرپی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑھتی وجوہات پر بریفنگ دے گی، اراکان کے سوالات کے جواب بھی دیئے جائیں گے، پارلیمانی کمیٹی میں آئندہ کی حکمت عملی بھی منظور کی جائے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نیشنل ایکشن پلان ٹو کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا، پارلیمنٹ کے فیصلے کی روشنی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں تیزی لانے سے متعلق فیصلے ہوں گے، قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔