عمران خان سے ملاقاتوں کا معاملہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا عدالت سے رجوع
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں کی درخواستیں مختلف بینچزسے یکجا کر کے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے
بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں کے ایس او پیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے ہو چکے ہیں، موقف
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا اور اس حوالے سے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبد الغفور انجم نے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی اور رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کل اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر سماعت کریں گے ۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبد الغفور انجم کی طرف سے نوید ملک ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ہے ، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں کے ایس او پیز انٹرا کورٹ اپیل میں طے ہو چکے ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں کی درخواستیں مختلف بینچز میں سماعت کے لیے مقرر ہیں، بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں کی درخواستیں یکجا کر کے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے ۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
لاپتا شہری کی اڈیالہ جیل میں موجودگی کی اطلاعات، سپرنٹنڈنٹ جیل سے رپورٹ طلب
راولپنڈی:اکتوبر 2024ء سے لاپتا شہری کے اڈیالہ جیل میں موجودگی کی اطلاعات پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائی کورٹ راولپنڈی میں شہری کے مبینہ لاپتا ہونے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جو کہ جسٹس طارق محمد باجوہ کے روبرو ہوئی۔ لاپتا شہری نور السلام کے بھائی محمد طارق عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے میرے بھائی کو 16 اکتوبر 2024ء کو راجہ بازار سے اغواء کیا، میرے بھائی کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اغواء کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
سی ٹی ڈی اور راولپنڈی پولیس نے اپنی رپورٹس عدالت میں پیش کیں، سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ کسی شہری کو تحویل میں نہیں لیا۔ پولیس نے کہا کہ مبینہ اغواء کار کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہمارا بھائی اڈیالہ جیل میں نظر بند ہے، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔