شہریوں کا اتحاد دیکھ کر لگتا ہے کہ ایم کیو ایم واپس آ رہی ہے، گورنر سندھ
اشاعت کی تاریخ: 18th, March 2025 GMT
کراچی:
گورنر سندھ کامران ٹیسوری رمضان المبارک کی 17 ویں سحری پر نارتھ ناظم آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ایم کیو ایم ایک مرتبہ پھر اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے واپس آ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رمضان المبارک کی 17 ویں سحری کی تقریب کے لیے نارتھ ناظم آباد کے ایک نجی ریسٹورنٹ کا دورہ کیا، جہاں شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ان کی آمد پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جس نے شہر کے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔ اس موقع پر نارتھ ناظم آباد کے شہریوں نے سحری کے دوران استقبال کا ریکارڈ توڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سوشل میڈیا کا درست استعمال کریں اور بغیر تصدیق کے کسی بھی خبر کو آگے نہ بڑھائیں۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ امن ڈائیلاگ کے بعد سعودی عرب اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود پاکستان آئے ہیں، جس سے پاکستان کی معیشت میں ترقی کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے چین کے جنرل قونصل کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) مکمل ہو گا اور اس سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
گورنر سندھ نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ سعودی عرب، چین اور ترکیہ نے پاکستان کے لیے بڑی سرمایہ کاری مختص کی ہے، جس کے اثرات بہت جلد شہریوں تک پہنچیں گے۔
اس سرمایہ کاری سے نئے اسپتال، اسکولز اور تعلیمی ادارے قائم ہوں گے، جس سے شہریوں کو بہتر تعلیم اور صحت کی سہولتیں میسر آئیں گی۔
انہوں نے گورنر ہاؤس میں جاری آئی ٹی کورسز کی معلومات بھی فراہم کی، جہاں 50 ہزار بچے اور بچیاں مفت آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں، اور ان کورسز کے لیے کوئی فیس نہیں لی جا رہی۔
اس کے علاوہ، گورنر سندھ نے کہا کہ کئی لاکھ باکسز راشن عوام میں تقسیم کیے گئے ہیں اور ہزاروں موٹرسائیکلیں شہریوں میں دی گئیں۔ 11 ہزار لیپ ٹاپ بھی بچوں اور بچیوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نے اپنی خطاب کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کرنا ہے اور ہر شہری کو اپنے ذاتی گھر کا حق ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتون سب کو مل کر اپنے حقوق کے لیے جنگ لڑنی ہے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گورنر سندھ انہوں نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
سوشل میڈیا کے ذریعے اس شہر کے نوجوان بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے، گورنر سندھ
کراچی:گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہر قائد کے نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اورنگی ٹاؤن میں سحری کی تقریب میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے شہر کے مسائل اور اس کے حقوق کے حوالے سے اہم باتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے اور یہاں بانیان پاکستان کی اولادیں رہتی ہیں جنہوں نے اس شہر کو بنایا تھا۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی آج اپنا حصہ مانگ رہا ہے اور یہ شہر دوسروں صوبوں سے آنے والوں کو اپنی گود میں بٹھاتا ہے، مگر اب شہر اور اس کے رہائشیوں کا تقاضا ہے کہ انہیں بھی نظرانداز نہ کیا جائے۔
گورنر سندھ نے کراچی کی بنیادی سہولتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں سڑکوں کا نظام خراب ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کسی علاقے سے یہ خبریں آتی ہیں کہ کوئی بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا یا کسی ماں کا بیٹا موٹر سائیکل پر روزگار کے لیے نکلتے ہوئے کسی ڈمپر کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
کامران خان ٹیسوری نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جب کراچی کے مسائل پر آواز اٹھائی جاتی ہے تو انہیں آئینی حدود میں رہنے کا کہا جاتا ہے، مگر ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں بجلی، گیس، پانی کی فراہمی یقینی ہو اور غریبوں کے بچے بھی امیروں کے بچوں کی طرح ترقی کر سکیں۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہر کسی کو فوری انصاف ملنا چاہیے اور ان کا مقصد عوامی فلاح کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے وعدوں پر بھی تنقید کی کہ وزیر اعظم بننے کے بعد نہ تو ایک کروڑ نوکریاں دی گئیں اور نہ ہی 50 لاکھ گھر بنائے گئے۔
کامران خان ٹیسوری نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں حالات خراب کرنے میں ان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی وہ شہر ہے جہاں پاکستان بنانے والوں کی اولادیں رہتی ہیں اور اگر اس شہر کا حق نہیں دیا گیا تو یہ حق چھین کر لیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اس شہر کے جوان بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جب اختیار حاصل ہوگا تو اورنگی ٹاؤن کے لوگ خوشحال ہوں گے۔