رمضان کا مہینہ روحانی غور و فکر اور خود احتسابی کے حصول کا وقت ہے، میرواعظ عمر فاروق
اشاعت کی تاریخ: 17th, March 2025 GMT
میرواعظ کشمیر نے کہا کہ خواہشات اور خودی کو قرآن و سنت کی روشنی میں قابو میں رکھنے سے انسان کو باطنی سکون اور اللہ کا قرب نصیب ہوتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ماہ رمضان المبارک کے بابرکت عشرۂ مغفرت کے سلسلے میں مسجد رحمت لال بازار میں ایک روح پرور اجتماع سے خطاب کے دوران نفس اور اس کی پاکیزگی کے اسلامی تصور پر روشنی ڈالی۔ میرواعظ عمر فاروق نے خطاب کے دوران کہا کہ رمضان کا مہینہ روحانی غور و فکر، خود احتسابی اور اللہ کی رحمت کے حصول کا وقت ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ بندگانِ خدا کو تقویٰ، عبادات اور استغفار کے ذریعے اپنی روح کو پاکیزہ بنانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ خواہشات اور خودی کو قرآن و سنت کی روشنی میں قابو میں رکھنے سے انسان کو باطنی سکون اور اللہ کا قرب نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اس مبارک مہینے کو اپنے اعمال کی اصلاح، توبہ اور اللہ سے تعلق مضبوط کرنے میں گزاریں۔
اس روحانی مجلس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور رمضان المبارک میں خود احتسابی اور روحانی ترقی کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی۔ اس دوران جب میرواعظ لال بازار پہنچے تو مسجد رحمت کی مقامی انتظامیہ، سرکردہ سماجی شخصیات اور لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا۔ انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کی اطلاع کے مطابق 17 ماہ رمضان المبارک کے موقع پر یوم بدر اور مہاجرِ ملت، مفسرِ قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ (رہ) کے 58ویں یوم وصال کی مناسبت سے میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق صاحب دن کے 3 بجے سے تا نماز عصر تاریخی عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں وعظ و تبلیغ انجام دینے کے ساتھ ساتھ مفسر قرآن کو ان کی ناقابل فراموش دینی، ملی، تبلیغی اور تفسیری خدمات کے لئے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
ہمدرد ہائوس میں سابقین امامیہ کے اعزاز میں افطار کا اہتمام، آئی ایس او کے مرکزی صدر کی خصوصی شرکت
افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس نقوی نے کہا کہ ماہ رمضان ماہ توبہ، ماہ مغفرت، یہ مہینہ جہاں دیگر مناسبتوں سے معتبر ہے وہیں یہ مہینہ اقبلہ اول کی آزادی کے ساتھ بھی منسلک ہے، ہمیں اس مہینے قبلہ اول بیت المقدس کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ اسلام ٹائمز۔ ادارہ خودی رجسٹرڈ پاکستان کے زیراہتمام چلنے والے ہمدرد ہائوس میں سابقین امامیہ کے اعزاز افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، افطار ڈنر میں آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر سید فخر عباس نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ افطار ڈنر میں عابد نواز، سلیم عباس صدیقی، طاہر رضاگردیزی، اسد عباس نوناری، عمار حیدر، عاطف حسین سرانی، مختار حسین، سید عاصم رضا شاہ، ثقلین حیدر، حسنین عباس انصاری، ثقلین نقوی، جواد حیدر جوئیہ، تراب حیدر، پروفیسر احمد عباس جعفری، احتشام حیدر، شعیب جعفری، حسن عباس گھلو اور دیگر نے شرکت کی۔ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر فخر عباس نقوی نے کہا کہ ماہ رمضان ماہ توبہ، ماہ مغفرت، یہ مہینہ جہاں دیگر مناسبتوں سے معتبر ہے وہیں یہ مہینہ اقبلہ اول کی آزادی کے ساتھ بھی منسلک ہے، ہمیں اس مہینے قبلہ اول بیت المقدس کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔