مکہ اور مدینہ میں حفظان صحت کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، بغیر لائسنس کاروبار بند
اشاعت کی تاریخ: 17th, March 2025 GMT
ریاض: سعودی حکام نے مکہ اور مدینہ میں دکانوں اور تجارتی مراکز کی سخت جانچ شروع کر دی ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران صحت اور حفاظتی اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (SFDA) نے وزارت بلدیات اور وزارت تجارت کے تعاون سے یہ مہم شروع کی۔ شعبان کے وسط سے شروع ہونے والی انسپیکشن مہم کے دوران 1,891 سہولیات کا معائنہ کیا گیا، جس میں سے 1,226 ٹن غیر معیاری اشیاء ضبط کی گئیں۔
حکام نے 29 غیر لائسنس یافتہ کاروبار پکڑے اور 1,480 گوداموں، فیکٹریوں اور دکانوں میں 636 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ ان خلاف ورزیوں کی بنیاد پر 11 سہولیات کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، رمضان المبارک اور حج سیزن کے پیش نظر مکہ اور مدینہ میں انسپیکشن مہم مزید سخت کی جائے گی تاکہ زائرین کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ کو سعودی عرب کا مقدس دارالحکومت کہا جاتا ہے، جہاں مسجد الحرام اور خانہ کعبہ واقع ہیں، جو مسلمانوں کے لیے قبلہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
رمضان کے دوران لاکھوں زائرین عمرہ اور عبادت کے لیے یہاں آتے ہیں، جبکہ مدینہ منورہ میں بھی مسجد نبوی اور دیگر مقدس مقامات کی زیارت کے لیے مسلمانوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سندھ حکومت کا عید پر اضافی کرایہ وصولی پر کریک ڈاؤن کا حکم
کراچی:سندھ حکومت نے عید پر اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
سندھ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ حکام کو کرایہ کنٹرول کرنے کے احکامات جاری کر دیے، ڈی آئی جی ٹریفک اور کمشنرز کو غیر قانونی کرایہ بڑھانے والوں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عید کے موقع پر عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مالکان کو متعین کردہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا بصورت دیگر ان کے خلاف جرمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی ٹرانسپورٹر کی جانب سے زائد کرایہ وصول کیا جا رہا ہو تو وہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔
سندھ بھر میں بس اڈوں اور ٹرمینلز پر چیکنگ کی جائے گی اور زائد کرایہ لینے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
عوام زائد کرایہ وصولی کی شکایات واٹس ایپ نمبر 0300-3495375 پر درج کراسکتے ہیں اور [email protected] پر بھی بھیج سکتے ہیں۔