مقدس ہستیوں کے تقدس کے تحفظ کے لیے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے، علامہ حامد سعید کاظمی
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
ملتان پریس کلب میں منعقدہ تحفظ ناموس رسالت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور کا کہنا تھا کہ جنید حفیظ جیسے ملعونوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، توہین آمیز خاکوں کی اشاعت، گستاخانہ فلم، آزادی اظہار رائے کے نام پر مذہبی تنقید جیسے واقعات کو روکنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عاشقان رسول تا قیامت اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتوں کی آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا راستہ روکنے کے لیے ہم اپنا تن من دھن قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے، جنید حفیظ جیسے ملعونوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، توہین آمیز خاکوں کی اشاعت، گستاخانہ فلم، آزادی اظہار رائے کے نام پر مذہبی تنقید جیسے واقعات کو روکنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کے عاشقان رسول تا قیامت اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور مقدس ہستیوں کے تقدس کے تحفظ کے لیے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی گروپ) جنوبی پنجاب کے صدر محمد ایوب مغل نے کہا کہ نبی کریم کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعونوں کی سزا موت ہے، ناموس رسالت کے تحفظ لیے پہرہ دیتے رہیں گے، ملعون جنید حفیظ کو سزائے موت کا فیصلہ سنانے والے جج اور تحفظ ناموس رسالت کے لیے ذمہ داری ادا کرنے والے وکلا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انشا اللہ لاہور ہائی کورٹ سے بھی اسے کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔
ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر حافظ محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت تحفظ ناموس رسالت کے قائدین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک کے عاشقان رسول قاضی فائز عیسی جیسوں کو روکنے کے لیے موجود ہیں، محمد ایوب مغل اور ان کے ساتھیوں کو تحفظ ناموس رسالت کے لیے جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، معروف قانون دان وسیم ممتاز،حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت لائرزونگ جنید حفیظ جیسے بدبختوں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے، افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ ملعون جنید حفیظ کا کیس ملتان ہائی کورٹ بنچ سے لاہور ہائی کورٹ بنچ بھیجا گیا جس کی 19 مارچ پیشی ہے لیکن ہم ذمہ داری سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمیعت علمائے پاکستان (نورانی گروپ) جنوبی پنجاب کے صدر محمد ایوب مغل کی زیر صدارت ملتان پریس کلب میں منعقدہ تحفظ ناموس رسالت سیمینار سے خطاب کے دوران کیا، سیمینار سے منہاج القرآن کے رہنما را محمد عارف رضوی، قومی تاجر اتحاد کے چیئرمین سلطان محمود ملک، جمعیت اہل حدیث کے رہنما قاری ہدایت اللہ رحمانی، سنی تحریک کے صوبائی ناظم اعلی مرزا ارشد القادری، پاکستان فنکشنل لیگ کے رہنما الحاج محمد اشرف قریشی، ماسٹر غلام سرور، مولانا عمران سعیدی، محمد اشفاق سعیدی، مولانا محمد طاہر رضا قادری نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ نظامت کے فرائض مولانا طارق ہاشمی نے سرانجام دیے، تلاوت پاک و نعت کی سعادت حافظ علی نواز نے حاصل کی، اس موقع پر حافظ محمد ظفر قریشی، شیخ عتیق، صوفی محمد صدیق، مظہر فاروق بھٹہ، سابق کونسلر ملک الطاف، ملک محمد رفیق سمیت سیاسی مذہبی سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے معائدے پر عمل کیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی
جیکب آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ پانی کی تقسیم کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب میں چھ نئے کینالز بنا کر سندھ کی آباد زمینوں کو ریگستان اور صحراء بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اصغریہ اور ملت جعفریہ جیک آباد کے زیر اہتمام دریاؤں کے عالمی دن کے موقع پر سندھو دریا سے ناجائز کینالز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کے عوام کی اکثریت کا ذریعہ معاش زراعت پر ہے۔ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کا ایک باضابطہ معاہدہ موجود ہے۔ سندھ کو ہمیشہ یہ شکایت رہی ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ کا پانی چوری کیا جا رہا ہے۔ اب اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پنجاب میں چھ نئے کینالز بنا کر سندھ کی آباد زمینوں کو ریگستان اور صحراء بنانے کی سازش کی جا رہی ہے، جس پر سندھ کی عوام سراپہ احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے درمیان نفرت پیدا کرکے وفاق پاکستان کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ ریاست اور حکومت کے معاملات ناانصافی کی بجائے عدل و انصاف کے معیار پر چلائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے صحرا کو آباد کرنے کے لئے سندھ کی آباد زمینوں کو بنجر اور غیر آباد کرنے کا منصوبہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔ تعجب ہے کہ سندھ کے مسلسل اعتراض اور احتجاج کے باوجود غیر قانونی کینال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے سندھ کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان میں غیرقانونی کینالز کے خلاف قرارداد پیش کرے۔ انہوں نے پنجاب کے عوام اور ملک کی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سندھ کے سات کروڑ عوام کے احتجاج کو نظرانداز کرنے کی بجائے سندھ کے عوام کے قانونی حق کا تحفظ کریں اور وفاقی اکائیوں کے درمیان نفرتوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ کے صوبائی نائب صدر سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ ناجائز طور پر کینالز تعمیر کرکے سندھ کو صحرا میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے اصغریہ علم و عمل تحریک کے صدر زوار دلدار علی گولاٹو نے بھی خطاب کیا۔