پنجاب کے 53 فیصد شہریوں نے مریم نوازکی کارکردگی بزدار حکومت سے بہتر قرار دیدی، سروے
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
پنجاب کے 53 فیصد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کوپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بزدار حکومت سے بہتر قرار دے دیا۔
انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ نے پنجاب کے 6 ہزار سے زائد شہریوں کی رائے پر مبنی سروے جاری کردیا۔
سروے کے مطابق 53 فیصد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو پی ٹی آئی کی بزدار حکومت سے بہتر قرار دیا اور کہا کہ صوبے میں عوامی سہولیات اور خدمات کے نظام میں بہتری آئی، 35 فیصد نے کوئی فرق نہ ہونے کا کہا البتہ 5 فیصد نے مزید خرابی ہونے کا بتایا۔
سروے میں جن 53 فیصد شہریوں نے عوامی سہولیات میں بہتری کا کہا، ان میں سے 22 فیصد نے ستھرا پنجاب، 14 فیصد نے سڑکوں، 12 فیصد نے تعلیمی نظام اور 11فیصد نے گورننس میں بہتری کی نشاندہی کی جبکہ جو 5 فیصد شہری غیر مطمئن دکھائی دیے، ان میں سے 28 فیصد نے مہنگائی ، 23 فیصد نے خراب طرز حکمرانی ، 14فیصد نے بیروزگاری اور 10 فیصد نے بڑھتی غربت کو صوبے میں بہتری نہ آنے کی وجہ کہا۔
سروے میں شامل 60 فیصد شہریوں نے دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بھی بہتر کہا جبکہ 16فیصد نے ان کے مقابلے میں کارکردگی خراب کہا۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
تجاوزات سے شہر بگاڑنے کی اجازت نہیں، مریم نواز: تاریخی ورثہ کی بحالی کیلئے اتھارٹی قائم، نوازشریف پیٹرن انچیف
لاہور ( نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقدہوا، تاریخی ورثے کی بحالی اور محفوظ کرنے کے لئے لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول LAHR قائم کردی گئی، نواز شریف ''لہر'' کی سٹیرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے، ذیلی فنکشنل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔ خصوصی اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور ہٹانے پر اتفاق کیا گیا، نوازشریف نے تجاوزات کے متاثرین کوکاروبار کے لئے متبادل جگہ دینے اور معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی، لاہور کے ہیری ٹیج ایریاز کی بحالی کے لئے شہر چھ زونز میں تقسیم کیا جائے گا، قدیمی مال روڈ کی دلکشی کے لئے بجلی کے تار کی انڈرگراؤنڈ شفٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے لئے شہر کے پانچ مقامات کی نشاندہی کر لی گئی، نیلا گنبد، سرکلر روڈ، باغیچیاں اور بدرو کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف میں تجاوزات پر برہمی کااظہار کیا، بھاٹی گیٹ اور دیگر دروازوں کا منظر نامہ واضح کرنے کے لئے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی، شاہی قلعہ،مقبرہ جہانگیر ونور جہاں، شالا مار باغ، کامران کی بارہ دری اور دیگر مقامات کو بھی بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا، شاہ عالم مارکیٹ تا بھاٹی تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا، نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے، اصل حالت میں بحال کیا جانا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوشکی کے قریب قومی شاہراہ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دھماکے میں شہید ہونے والے جوانوں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی-وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولا کوٹ کے علاقے لسڈنہ کے مقام پر کوسٹر کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیاہے-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیاہے اور حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی -