ایم ایل ون منصوبے پر حنیف عباسی کا بیان پاک چین تعلقات پر خودکش حملہ ہے، بیرسٹر سیف
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
بیرسٹر سیف نے کہا کہ حنیف عباسی کا بیان دراصل 'خدا حافظ چین' کا سرکاری اعلان ہے جس کے تحت شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر ریلوے نے چین کو لال جھنڈی دکھا دی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ایم ایل ون منصوبے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے چین اور پاکستان کے تعلقات پر خودکش حملہ قرار دیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ حنیف عباسی کا بیان دراصل 'خدا حافظ چین' کا سرکاری اعلان ہے جس کے تحت شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر ریلوے نے چین کو لال جھنڈی دکھا دی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حنیف عباسی نے ایم ایل ون خود بنانے کا اعلان کر کے چین کو کیا پیغام دیا ہے؟ یہ بیان ایسے وقت میں دیا گیا جب چین نے پاکستان کو 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع دی ہے۔ مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے منفی بیان کے بعد حنیف عباسی کا بیان چین اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات پر ایک اور کاری ضرب ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز حکومت افغانستان کے بعد اب چین کے ساتھ تعلقات بھی خراب کر رہی ہے جبکہ وزیر ریلوے کا "مائنس چین" ایم ایل ون منصوبے کا اعلان ایک بڑی پالیسی تبدیلی کا عندیہ دے رہا ہے۔ بیرسٹر سیف نے فارن آفس سے مطالبہ کیا کہ اگر اس بیان کی وضاحت نہ دی گئی تو اسے حکومت کی سرکاری پالیسی سمجھا جائے گا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کو پندرہویں روزے اور 16 تاریخ تک تنخواہیں نہ دے سکنے والی حکومت ایم ایل ون منصوبہ ایفی ڈرین کی آمدن سے مکمل کرے گی؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر ریلوے نے یہ بیان ایفی ڈرین کے زیر اثر دیا ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حنیف عباسی کا بیرسٹر سیف وزیر ریلوے ایم ایل ون سیف نے
پڑھیں:
دشمنوں نے پاکستان پر وار کیا ہے تو جواب بھی دیا جائیگا، حنیف عباسی
راولپنڈی : وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دشمن نما لوگوں کو قوم اور دنیا نے پہچان لیا اگر یہ چھپ کر افغانستان جائینگے تو وہاں انہیں گھس کرماریں گے، ایم ایل ون کا سنتے سنتے کان پک گئے ہیں اگر کوئی تعاون کرے گا تو ٹھیک ورنہ ہم اپنے وسائل سے کراچی سے پشاور تک ٹریک کو ڈبل کریں گے۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ دشمنوں نے پاکستان پر وار کیا ہے تو جواب بھی دیا جائیگا، غیر ملکی طاقتیں جس طرح کا کھیل کھیل رہی ہیں اسی طرح سے انہیں منہ توڑ جواب دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے ایکشن کی دنیا مذمت کررہی ہے، اندر موجود کالی بھیڑوں نے اس سانحہ کو مذاق اور طنز بنانے کی کوشش کی ہے لیکن اب کوئی ایسی جرات نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کیلئے ٹرینوں کی بروقت ٹائمنگ، صفائی، کھانے کا معیار مد نظر رکھیں گے، شورکوٹ سے تھرتک ایک نئی لائن بچھائی جا رہی ہے جو 31 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ گوادر اور کراچی اور پھر کوہاٹ سے آگے لیکر جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں تاجکستان تک اس ریل پر سفر کریں، ہم پہلے پاکستانی اور بعد میں صوبوں کی نمائندگی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریل کی اسپیڈ تک تیز ہونی چاہیئے، آئی جی ریلوے کو پٹری کی چوری، اسمگلنگ کو روکنے کا ٹاسک دیا ہے۔