نارتھ کراچی میں شہری کا فلمی انداز میں ڈاکوؤں سے مقابلہ، ناکام واردات کی ویڈیو سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
کراچی:
نارتھ کراچی کے علاقے بلال کالونی میں ایک شہری نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی واردات کو ناکام بنادیا۔ واردات اور فائرنگ کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں واضح طور پر گولیوں کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ آج صبح پیش آیا جب موٹرسائیکل سوار دو مسلح ڈاکو ایک شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ جیسے ہی ڈاکوؤں نے شہری کو روکا، اس نے اپنی جان بچانے اور قیمتی سامان محفوظ رکھنے کے لیے فلمی انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کردی۔
شہری کی طرف سے چلائی گئی گولیوں کی گونج گلی میں سنائی دیتی رہی جس کے بعد ڈاکو خوفزدہ ہوکر موقع سے فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے شہری محفوظ رہا جبکہ ڈاکو اپنی واردات میں ناکام ہوکر بھاگ نکلے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
آزاد کشمیر؛ کوسٹر گہری کھائی میں جا گری، 5مسافر جاں بحق، ویڈیو بھی سامنے آگئی
مظفرآباد:آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں مسافر کوسٹر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فارورڈ کہوٹہ سے راولپنڈی جاتے ہوئے کوسٹر کو محمود گلی میں سڑک پر برف اور کہر کے باعث حادثہ پیش آیا، جہاں کوسٹر ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پھسلتی پھسلتی سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
مقامی افراد اورامدادی کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر قریبی آرمی اسپتال اور ایم ڈی ایس منتقل کر دیا ہے۔
کوسٹر کے کھائی میں گرنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برفباری کے سبب سڑک پر پھسلنے سے ڈرائیور کوسٹر پر قابو نہ رکھ سکا۔
دوسری جانب، وادی لیپہ کرناہ میں محکمہ شاہرات نے برف میں پھنسی دو گاڑیوں کے مسافروں کو ریسکیو کرکے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
علاقے میں تعینات مسلح افواج کے دستوں نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔