دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے معاملے پر سندھ میں احتجاج شدت اختیار کر گیا،.مختلف شہروں میں عوامی ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی طاقتور حلقوں اور وفاق کو عوامی طاقت سے جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پیپلز پارٹی نے ”دریائے سندھ پر کینال نامنظور“ کا نیا نعرہ اپنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو 27 دسمبر کے جلسے سے بھی زیادہ بڑی تعداد میں جمع ہونے کی ہدایت کی ہے۔ جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو کینال منصوبے کے خلاف پارٹی کی پالیسی واضح کریں گے۔

دوسری جانب جامشورو میں کوٹری بیراج پر سماجی تنظیموں نے سندھ کا نقشہ اٹھا کر اور کشتیوں میں بیٹھ کر انوکھا احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حکومت سے منصوبے کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔ٹھل میں ادبی سنگت کی کال پر ادیبوں اور شاعروں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کینال بنانے سے سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہو جائے گی۔مٹھی میں بھی شہریوں نے بس ٹرمینل سے کشمیر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی، جبکہ سیہون شریف میں سول سوسائٹی، وکلا، ڈاکٹرز اور اساتذہ نے پریس کلب تک مارچ کیا۔دادو میں عوامی فورم کے تحت پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ سندھ کو بنجر بنانے کی سازش بند کی جائے۔گمبٹ میں بھی سول سوسائٹی اور طلبہ نے احتجاج کیا.

مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے منصوبے کو واپس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔سندھ بھر میں جاری ان مظاہروں سے واضح ہو گیا ہے کہ دریائے سندھ سے کینال نکالنے کا معاملہ شدت اختیار کر چکا ہے اور اس پر سندھ کے عوام کسی صورت سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: دریائے سندھ

پڑھیں:

نئی نہریں مسترد، بلاول: ارسا چیئرمین وفاق کارکن سندھ سے لیا جائے، متفقہ قراردادیں

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقعے پر گڑھی خدا بخش بھٹو میں بڑے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے دریائے سندھ پر 6 کینالوں کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے اور وفاقی حکومت پر واضح کیا ہے کے سندھ کو انڈس ریور سسٹم سے کسی نئے کینال کا منصوبہ قبول نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کے ارسا میں وفاق اور ایک صوبے کی اکثریت کے بنیاد پر سندھ کے آئینی اعتراضات کو بلڈوز کیا جاتا ہے اس لئے وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ارسا چیئرمین اور ارسا میں وفاق کا رکن سندھ سے لیا جائے۔ یہ مطالبات ہفتے کو وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سندھ کونسل کے اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سید قائم علی شاہ، جنرل سیکرٹری وقار مہدی، منظور وسان، سرفراز راجڑ، نعمان شیخ سعید غنی، سرفراز راجڑ، سید ناصر شاہ، شرجیل انعام میمن، مکیش کمار چاولہ، ضیاء الحسن لنجار، آغا سراج درانی، لال چند اکرانی، شاہدہ رحمانی سمیت صوبائی عہدیداران، صوبائی وزراء سمیت ڈویژنل و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 4 اپریل کو 46 ویں یوم شہادت کے موقعے پر ملک بھر کی عوام گڑھی خدا بخش بھٹو کے جلسے میں بھرپور شرکت کر کے بھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سندھ کونسل کی جانب سے دریائے سندھ پر کینال منصوبے کے خلاف قراردادوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر نئے کینالوں کے خلاف ہے اور پارٹی شروع سے ہی اس منصوبے کے خلاف اپنی بھرپور آواز اٹھاتی آ رہی ہے اور پیپلز پارٹی ہی نے پانی کے ایشو سمیت سندھ کے حقوق کے لئے  عوام کی حقیقی نمائندگی کی ہے اور کرتی رہے گی۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کا منصوبہ ہے اور سندھ کو دریائے سندھ پر کسی کینال کا منصوبہ قبول نہیں ہے، اس لئے وفاقی حکومت 6 کینالوں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان کرے اور سندھ کی آواز کو سننے کے لئے سی سی آئی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو انڈس ریور سسٹم سے نئے کینال منصوبہ کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم میں پہلے ہی پانی کی سخت کمی ہے تو ان کینالوں میں پانی کہاں سے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا مطالبہ ہے کہ پانی کے 1991ء معاہدے کے تحت پانی کی تقسیم پیرا ٹو کے تحت کی جائے۔ جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کے پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر 6 کینالوں کے منصوبے کی اس وقت سے مخالفت کر رہی ہے  جب جی ڈی اے سمیت دیگر جماعتوں کو اس سے متعلق کوئی علم ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کے پیپلز پارٹی سندھ کے پانی اور سندھ کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دے گی۔ سندھ کونسل اجلاس میں قراردادیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیا کہ سندھ کونسل کا یہ اجلاس شہید ذوالفقار علی بھٹو کو 46 ویں برسی کے موقعے پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ 4 اپریل کو ملک بھر سے لاکھوں عوام گڑھی خدا بخش بھٹو کے جلسے میں شرکت کرکے شہداء کو سلام پیش کریں گے۔ قرارداد کے ذریعے پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل نے دریائے سندھ پر 6 کینالوں کے منصوبے کو مسترد کیا اور وفاقی حکومت کو واضع کیا کہ سندھ کو انڈس ریور سسٹم سے کسی نئے کینال کا منصوبہ قبول نہیں ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کے پیپلز پارٹی ارسا اور وفاق سے مطالبہ کرتی ہے کہ  پانی کے 1991ء معاہدے کے پیرا ٹو کے تحت یقینی بنا کر سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی فراہم کیا جائے اور کوٹری ڈاؤن سٹریم میں کم از کم 10ملین ایکڑ فٹ پانی چھوڑا جائے اور چشمہ جہلم لنک کینال اور تونسہ پنجند لنک کینال جو کے فلڈ کینال ہیں، ان کینالوں کو فلڈ کے علاوہ بہانا بند کیا جائے اور تونسا سے گڈو بیراج تک پانی بہاؤ کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیلی میٹری سسٹم لگایا جائے۔ قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کو خبردار کرتی ہے کہ سندھ 70 فیصد زراعت پیدا کرنے والا صوبہ ہے اگر سندھ کو کم پانی فراہم کیا گیا تو فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوگا جس کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی اور پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ ارسا میں وفاق اور ایک صوبے کی اکثریت کے بنیاد پر سندھ کے آئینی اعتراضات کو بلڈوز کیا جاتا ہے اس لئے وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کے ارسا چیئرمین اور ارسا میں وفاق کا رکن سندھ سے لیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ جی ڈی اے کیجانب سے کینال معاملے پر پیپلز پارٹی اور صدر زرداری پر الزامات سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہیں، جن الزامات کو رد کرتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم چلانے، ریلیاں نکالنے اور مارشل لاؤں کو دعوت دینے والی جی ڈی اے سندھ کی عوام سے معافی مانگے۔ اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ پانی تنازعے کے حل اور پانی منصوبوں کے متعلق آئینی فورم سی سی آئی ہے جس کا ہر تین ماہ میں اجلاس طلب کرنا وفاق کی آئینی ذمہ داری ہے، اس لئے وفاقی حکومت سی سی آئی کا اجلاس طلب کرے۔ قرارداد میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کو بہادری سے شکست دینے پر سکیورٹی فورسز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی اراکین کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کے تحت پارلیمنٹ، آئین اور قانون کی بالادستی سمیت خوشحال سندھ خوشحال پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ مضامین

  • نون لیگ نے پنجاب میں پاور شیئرنگ کے بدلے سندھ میں حصہ مانگ لیا
  • دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا
  • دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا گڑھی خدا بخش میں جلسے کا اعلان
  • نئی نہریں مسترد، بلاول: ارسا چیئرمین وفاق کارکن سندھ سے لیا جائے، متفقہ قراردادیں
  • پیپلز پارٹی سندھ کونسل کا اجلاس ، دریائے سندھ پر 6کینال کا منصوبہ مسترد
  • پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر 6 کینال منصوبے کے حوالے سے کھل کر سامنے آ گئی
  • پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ پر 6 کینال کے منصوبے کو مسترد کردیا
  • پی پی پی سندھ کونسل اجلاس، کینال منصوبے کے خلاف قرارداد متفقہ منظور
  • سندھ حکومت دباؤ کے آگے ڈھیڑ،دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی سے منظور