لیجنڈری اے آر رحمان کی طبیعت ناساز، اسپتال میں چند گھنٹے گزارنے کے بعد ڈسچارج
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
چنئی: مشہور موسیقار اے آر رحمان کو ڈی ہائیڈریشن (پانی کی کمی) کے باعث اتوار کی صبح چنئی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم چند گھنٹوں بعد انہیں ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دے کر ڈسچارج کر دیا۔
رحمان کے منیجر سنتھل ویلین کے مطابق، 58 سالہ موسیقار اب بالکل ٹھیک ہیں اور گھر واپس آ چکے ہیں۔ ان کی بہن اے آر ریحانہ نے سینے میں درد کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں صرف ڈی ہائیڈریشن اور معدے کی تکلیف ہوئی تھی۔
رحمان کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سنتے ہی مداحوں نے سوشل میڈیا پر جلد صحتیابی کی دعاؤں کے پیغامات بھیجے۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بھی اسپتال سے رحمان کی صحت کے بارے میں معلومات لیں اور ان کے جلد صحت مند ہونے کی تصدیق کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ رحمان کی اہلیہ سائرہ رحمان نے، جنہوں نے گزشتہ سال علیحدگی کا اعلان کیا تھا، اپنے شوہر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی ان کی بیوی ہیں اور میڈیا کو انہیں ’ایکس وائف‘ نہ کہنے کی درخواست کی۔
رحمان کے بیٹے اے آر امین اور بیٹیوں خطیجہ رحمان اور راحیمہ رحمان نے بھی اسپتال کی میڈیکل رپورٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں لکھا تھا کہ رحمان کو ڈی ہائیڈریشن کے باعث اسپتال لایا گیا تھا اور معمولی چیک اپ کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔
رحمان جلد ہی اپنی نئی فلمی پروجیکٹس "لاہور 1947"، "تھگ لائف" اور "تیرے عشق میں" پر کام دوبارہ شروع کریں گے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بالی ووڈ اسٹارز میں مقبول اسپتال میں1500کروڑ روپے کا فراڈ
بالی ووڈ کے فلمی ستاروں میں مشہور ممبئی کے بلندوبالا لیلاوتی اسپتال سے وابستہ لالچ وہوس کی ڈرامائی داستان منظرعام پر آگئی جس سے بھارتی میڈیکل شعبے کی دنیا بھر میں بدنامی ہو رہی ہے۔ اسی میں کچھ عرصہ قبل زخمی اداکار سیف علی خان کا علاج ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 20 سال تک اسپتال کے بااثر ٹرسٹی چند کمپنیوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے لوٹ مار کرتے رہے۔ کمپنیاں زیادہ قیمت لگا کر ادویہ، طبی آلات و دیگر سامان فراہم کرتیں۔ جو رقم بچتی، بانٹ لی جاتی۔ نئی انتظامیہ کی رو سے یوں 1250 تا 1500 کروڑ روپے کی خطیر رقم کا ڈاکہ ڈالا گیا۔
حیران کن بات یہ ہے کہ ملزم ٹرسٹیوں میں ہیروں کے کاروبار سے ارب پتی بنے بانی اسپتال ، کیرتی لعل مہتہ کے بیٹے وپوتے بھی شامل ہیں جو خود بھی کروڑ پتی ہیں اور اب فرار ہو کر دبئی و بیلجئم میں رہتے ہیں۔
کیرتی لعل کا بیٹا اسپتال میں کالاجادو کراتا تا کہ پکڑا نہ جائے۔اس کے کمرے سے انسانی کھوپڑیوں اور بالوں والے مرتبان ملے ہیں۔
Post Views: 4