کرک پولیس نے دہشتگردوں کے حملے کو بہادری کے ساتھ پسپا کیا، وزیراعلیٰ کے پی
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کرک پولیس نے دہشتگردوں کے حملے کو بہادری کے ساتھ پسپا کیا، کے پی پولیس اور سیکیورٹی فورسز بہادری سے دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں، شہیدوں کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی لازوال داستانیں قائم ہیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کا مقابلہ عوام کے تعاون سے کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مالی مشکالات کے باوجود پولیس کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں، پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اسلحے اور دیگر ضروری آلات خریدے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو پیشہ وارانہ تربیت کے لیے نئے سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لے رہے ہیں۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
جعفر ایکسپریس دہشت گردی: پیوٹن کا پاکستان کو تعزیتی پیغام، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بلوچستان میں مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے پر پاکستان کی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
روسی سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں پیوٹن نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، جنہوں نے کامیاب آپریشن کے ذریعے یرغمالیوں کو بچایا۔
اپنے تعزیتی پیغام میں صدر پیوٹن نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے افسوسناک نتائج پر دلی تعزیت قبول کریں۔" انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے، جو قابل مذمت ہے۔
روسی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے "انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات" کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث سیکڑوں معصوم جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پیوٹن نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ واضح رہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز بولان کے دشوار گزار علاقے میں جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنانے والے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے 300 سے زائد مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا تھا۔