قرض نادہندگی، وزیراعظم کے قریبی عزیزوں کی 759 کنال جائیدادوں کی نیلامی کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
لاہور (نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی عزیزوں کی 759کنال کی جائیدادوں کی نیلامی کا حکم دیدیا،عدالت نے 9جائیدادوں کی نیلامی کیلئے 25 اپریل، 2 مئی، 9 اور 16 مئی کی تاریخیں مقرر کر دیں۔
جے ایس بینک کےوکیل نے موقف اپنایا کہ برادرز شوگر ملز کو 2016ء میں قرض کی عدم ادائیگی پر ڈیفالٹر قرار دیا گیا۔
وزیراعظم کے کزن میاں اسلم بشیر، عمر ادریس سمیت دیگر نے قرض کی گارنٹی دی تھی، میاں فرقان، فاطمہ فرقان، مہر عمر، فرح اسلم، میمونہ اسلم نے بھی قرض کی گارنٹی دی۔
برادرز شوگر ملز کے مالکان نے قرض کیلئے جائیدادیں بھی رہن رکھوائیں، استدعا ہے کہ 20 کروڑ 83 لاکھ 78 ہزار کی ریکوری کیلئے ڈیفالٹرز کی جائیدادیں نیلام کی جا ئیں۔
کورٹ آکشنر اسرار قریشی ایڈووکیٹ نے ڈیفالٹرز کی 9 جائیدادوں کی نیلامی کا شیڈول پیش کیا۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پیٹرول پمپز پر الیکٹرک وہیکلز کو چارجنگ کی سہولت ہونی چاہیے: لاہور ہائیکورٹ کی تجویز
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پیٹرول پمپز پر الیکٹرک وہیکلز کو چارجنگ کی سہولت فراہم کرنے اور واٹر میٹرز کی تنصیب کیلئے ایمرجنسی لگانے کی تجویز دیدی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی جس دوران عدالت نے باور کرایا کہ پیٹرول پمپز پر الیکٹرک وہیکلز کو چارجنگ کی سہولت ہونی چاہیے۔
عدالت نے کہا کہ پانی کی روزبروز خراب ہوتی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی لگا کر واٹر میٹرز کی تنصیب یقینی بنانی چاہیے، واسا واٹر میٹرکی تنصیب میں قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا ہے۔
عدالت نے باغات کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ایل ڈی اے اور پی ایچ اے تمام سیکٹرز میں کم از کم ایک میواکی جنگل لگائیں۔
دوسری جانب پی ایچ اے نہری پانی کے کھالے بحال کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی پیش کرے۔
اس دوران عدالت نے ایل ڈی اے کو ماحول دوست عمارتوں کی سرٹیفکیشن سے متعلق پالیسی رپورٹ بھی داخل کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو پیٹرول رکشوں کو الیکٹرک رکشوں میں بدلنے کیلئے کوئی پلان ترتیب دینا ہوگا، عدالت نے درخواستوں پر سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی۔