حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
مشتاق احمد بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر کے ڈومیسائل دینے کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کی ہے جن کا مقصد کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کرنا اور علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر کے ڈومیسائل دینے کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ اقدام مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحاد المسلمین سمیت متعدد پرامن سیاسی تنظیموں پر پابندی لگانا جمہوریت اور آزادی اظہار رائے پر ایک سنگین حملہ ہے۔ ان تنظیموں نے ہمیشہ پرامن اور جمہوری طریقوں سے کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور ان پر پابندی لگا کر بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کی جائز آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، زاہد اشرف، اعجااز رحمانی، شیخ یعقوب اور شیخ ماجد نے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، تشدد اور اظہار رائے پر پابندی اور جائیدادوں کی ضبطگی ایک معمول بن چکا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے بھی اپنی رپورٹس میں ان خلاف ورزیوں کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے سہہ فریقی مذاکرات شروع کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کہا کہ وہ بھارتی حکومت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو روکے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حریت کانفرنس بھارتی حکومت کشمیری عوام انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
سلامتی کونسل کیجانب سے بلوچستان میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت
سلامتی کونسل اراکین کا کہنا تھا کہ وہ متاثرہ خاندانوں، پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ سلامتی کونسل ارکان ہر قسم اور ہر شکل میں دہشتگردی بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سب سے سنگین خطرات قرار دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جعفر ایکسپریس نامی مسافر ٹرین پر ہونے والے بزدلانہ و سفاکانہ اور دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حکومتِ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ اپنے ایک بیان میں سلامتی کونسل اراکین کا کہنا تھا کہ وہ متاثرہ خاندانوں، پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ سلامتی کونسل ارکان ہر قسم اور ہر شکل میں دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات قرار دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
سلامتی کونسل ارکان نے زور دیا کہ ان سنگین دہشتگردی کے واقعات کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونین اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون، سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت حکومتِ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ سلامتی کونسل ارکان نے دہرایا کہ کسی بھی مقصد کے تحت کیا جانے والا دہشت گردی کا کوئی بھی عمل ناقابل قبول اور مجرمانہ ہے۔